بھارت: ٹرین حادثے میں کم از کم سینتیس ہندو زائرین ہلاک

بھارتی ریاست بہار میں ایک دور دراز سٹیشن پر ٹرین حادثے میں کم از کم 37 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد مشتعل ہجوم نے ٹرین کو آگ لگا دی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سٹیشن سے گزرتے ہوئے ٹرین کی رفتار بہت زیادہ تھی کیوں کہ ٹرین نے اس سٹیشن پر نہیں رکنا تھا۔

حادثے کے بعد ٹرین چند میٹر دور جا کر رک گئی اور اطلاعات کے مطابق مشتعل ہجوم نے ٹرین کے ڈرائیور کو مارا پیٹا اور دو بوگیوں کو آگ لگا دی۔

انڈین ریلوے کے ترجمان امیتابھ پربھاکر کے مطابق ہندو زائرین اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ ریل کی پٹری پر لال اشارے کے باوجود اسے عبور کر رہے تھے۔