کراچی میں فائرنگ سے نیوی کے افسر ہلاک

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں نیوی کے افسر ہلاک اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئی ہیں۔

یہ واقعے بدھ کی صبح نیشنل سٹڈیم کے قریب پیش آیا ہے۔

ڈی آئی جی پولیس طاہر نوید کا کہنا ہے کہ کیپٹن ندیم اپنی کار میں اہلیہ کے ساتھ گھر سے نکلے تھے کہ نیشنل سٹڈیم موڑ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے ان پر فائرنگ کر دی، جس میں کیپٹن زاہد اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئے بعد میں کیپٹن زاہد دم توڑ گئے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کی حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے منگل سے کراچی میں موجود ہیں۔

آج بدھ کو ان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہونا ہے جس میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔