گوجرانوالہ میں مدارس پر چھاپے، 21 گرفتار

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں دو دینی مدارس پر چھاپوں کے دوران غیرملکیوں سمیت 21 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق مظاہر العلوم اور انوارالعلوم نامی یہ مدارس شہر کے گنجان آباد علاقے میں واقع ہیں اور یہاں سےگرفتار ہونے والوں میں سے چودہ افغانی باشندے بھی شامل ہیں۔

گرفتار شدہ افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مدرسہ مُظاہر العلوم اور انوارالعلوم سن دو ہزار دو میں ایم ایم اے کی نشست سے قومی اسمبلی کے منتخب رکن قاضی عبدالحمید کے ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ طالبان رہنما ملا عمر کے استاد تھے۔ ملا عبدالحمید دو سال قبل وفات پا چکے ہیں۔

خفیہ اداروں کا دعوی ہے کہ گرفتار ہونے والوں سے دو ماہ قبل گلگت بلتستان میں فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے فوج کے کرنل اور پولیس کے اعلی افسر کے قتل کے بارے میں اہم معلومات ملنے کا بھی امکان ہے۔