جنوبی کوریا میں گلیکسی نوٹ سیون کی فروخت دوبارہ شروع

تصویر کے کاپی رائٹ Mark Schiefelbein
Image caption نوٹ سیون کی بیٹریوں میں خرابی کے باعث کمپنی نے اسے واپس لینے کا اعلان کیا تھا

جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے جنوبی کوریا میں گلیکسی نوٹ سیون سمارٹ فون کی فروخت دوبارہ شروع کر دی ہے اور 28 اکتوبر سے اس فون کی فروخت یورپ میں بھی شروع کر دی جائے گی۔

یاد رہے کہ نوٹ سیون کی بیٹریوں میں خرابی کے باعث کمپنی نے اسے واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ اس ماڈل کے بعض فونز کی بیٹری چارج ہونے کے دوران پھٹ گئی تھیں جس کے بعد کمپنی نے فون کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

رواں ماہ ہی سام سنگ نے نوٹ سیون کی بیٹریوں کے چارج ہونے کی صلاحیت 60 فیصد کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

سام سنگ نے نوٹ سیون فون کی فروخت روکنے کا اعلان کرتے ہوئے پہلے سے فروخت ہونے والے فون واپس کر کے نئے حاصل کرنے کی پیشکش کی تھی۔ اس کے علاوہ نوٹ سیون کے استعمال سے گریز کا مشورہ دیا گیا تھا۔

ادھر امریکی حکام نے فضائی مسافروں کو تنبیہ بھی کی ہے کہ سام سنگ کا موبائل فون گلیکسی نوٹ سیون نہ تو دورانِ پرواز چارج کیا جائے اور نہ ہی اُسے آن کیا جائے۔

اس تمام پیش رفت سے قبل سام سنگ نے دنیا بھر میں 25 لاکھ نوٹ سیون فون بیچے تھے۔

جنوبی کوریا میں بیچے جانے والے فونز میں سے تقریباً 80 فیصد کو تبدیل کرنے کے لیے واپس کر دیا گیا ہے تاہم امریکہ اور یورپ میں یہ شرح اب بھی 50 فیصد کے قریب ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تبدیل کیے جانے والے فونز کے مالکان میں سے 95 فیصد صارفین سام سنگ کے فون ہی استعمال کر رہے ہیں۔

اس کے باوجود اس بات کا اندازہ لگانا مشکل ہوگا کہ کہ ان واقعات کی وجہ سے سام سنگ کو کتنا مالی نقصان پہنچا ہے۔

سب سے پہلے تو مقابل کمپنی ایپل کے نئے فون آئی فون سیون کے مارکیٹ میں آنے کے موقع پر سام سنگ کی جانب سے ایک ماہ کی اہم ترین جوابی تشہیری مہم نہ ہو سکی ہے۔

اس کے ساتھ ہی سام سنگ کے نام تو ان تمام واقعات کا بہت نقصان ہوا ہے۔ سام سنگ کو ہمیشہ سے اس بات پر فخر تھا کہ وہ دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں بہت کم آوٹ سورس کرتی ہیں۔ اب بہتر کوالٹی کے وہ دعوے کرنا قدرے مشکل ہوگا۔

اسی بارے میں