چین خلائی سٹیشن کےمشن کے لیے تیار

49 سالہ جنگ ہیپنگ اور 37 سالہ چینگ ڈونگ تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption 49 سالہ جنگ ہیپنگ پہلے بھی دو بار خلائی مشن پر جا چکے ہیں

چین سوموار کو اپنے دو خلاباز مدار میں بھیج رہا ہے تاکہ وہ خلا کے بارے میں اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر سکے۔

چینی حکام نے بتایا ہے کہ دونوں خلاباز شمالی چین میں قائم جیکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پرواز کریں گے۔

ان کے منصوبے میں ٹیانگونگ 2 نامی خلائی سٹیشن پر پہنچنا اور وہاں 30 دن قیام کرنا شامل ہے۔ اس مشن کے ذریعے وہ وہاں زندہ رہنے کی اپنی صلاحیت کی جانچ کریں گے۔

یہ اور اس سے قبل خلا میں جانے کے واقعات اس بات کا اشارہ ہیں کہ وہ مستقبل میں ممکنہ طور پر چاند اور مریخ پر اپنا انسانی مشن روانہ کریں گے۔

اس سے قبل روانہ کیے جانے والے ٹیانگونگ یا آسمانی محل سپیس سٹیشن کو رواں سال کے اوائل میں ختم کر دیا گیا تھا۔

بہر حال حالیہ مشن کے خلابازوں میں 49 سالہ جنگ ہیپنگ شامل ہیں جو اس سے قبل دو بار خلائی سفر پر جا چکے ہیں۔ ان کے ساتھ اس مشن پر 37 سالہ چینگ ڈونگ ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے چین اپنے دو خلابازوں کو پیر کو اپنے خلائی مشن کے لیے روانہ کر رہا ہے

یہ دونوں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے شینزو 11 خلائی جہاز سے روانہ ہوں گے جسے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ لے جائے گا۔

چین اپنے خلائی پروگرام کو ترقی دے رہا ہے۔ اس نے پہلے ہی خلا میں چہل قدمی کر رکھی ہے اور یہ روس اور امریکہ کے بعد پہلا ملک ہے جو انسانوں پر مشتمل اپنا مشن خلا میں بھیج چکا ہے۔

سنہ 2013 مین چین نے کامیابی کے ساتھ اپنا غیر انسانی یوٹو خلائی مشن چاند پر بھیجا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں