آئی ایم ڈی بی کا میسج بورڈز بند کرنے کا اعلان

امریکہ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ڈیٹا بیس آئی ایم ڈی بی 1990 میں بنائی گئی تھی

فلموں سے متعلق معروف ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کے پیغامات والے میسج بورڈز بند کر رہی ہے۔

آئی ایم ڈی بی پر ماہانہ 25 کروڑ صارفین جاتے ہیں تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سائٹ کے میسج بورڈ صارفین کے لیے مفید نہیں رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ صارفین اب فلموں اور اداکاروں کے بارے میں سماجی روابط کی ویب سائٹوں پر بات کرنا بپسند کرتے ہیں۔

آئی ایم ڈی بی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے میسج بورڈز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اس جائزے سے یہ بات سامنے آئی کہ ان پر ہونے والی بحث زیادہ تر صارفین کے لیے مثبت اور کارآمد نہیں تھی۔

آئی ایم ڈی بی کا کہنا ہے کہ ان کے اہلکاروں اور ایڈیٹرز کے ساتھ فیس بک اور ٹوئٹر جیسی سماجی روابط کی ویب سائٹوں کے ذریعہ کہیں زیادہ بات کی جا رہی تھی۔

صارفین کو میسج بورڈز سے اپنے پسندیدہ پیغامات کو محفوظ کرنے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے اور 20 فروری کو میسج بورڈز کا نظام بند کر دیا جائے گا۔

اسی بارے میں