کیا نوکیا 3310 واپس آ رہا ہے؟

نوکیا
Image caption سنہ 2000 میں اگر آپ موبائل فون خریدنے کے خواہشمند ہوتے تو 3310 شائد آپ کے پسندیدہ فونز کی فہرست میں ہوتا

کچھ حلقوں سے یہ افواہیں سننے کو مل رہی ہیں کہ معروف ٹیکنالوجی کمپنی نوکیا اپنے موبائل فون کا مقبول ماڈل نوکیا 3310 مارکیٹ میں دوبارہ متعارف کروانے والی ہے۔

ایک خاص عمر کے موبائل فون صارفین کے لیے اس مضبوط فون کی واپسی کا امکان بہت خوشی کا باعث ہے۔

سنہ 2000 میں اگر آپ موبائل فون خریدنے کے خواہشمند ہوتے تو 3310 شاید آپ کے پسندیدہ فونز کی فہرست میں ہوتا۔

تاہم جب بی بی سی کے پروگرام نیوز بیٹ نے نوکیا سے رابطہ کیا تو کمپنی نے اس حوالے سے بیان دینے سے انکار کر دیا۔

کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان اطلاعات سے ہم بھی انتہائی خوش ہیں مگر جیسا ہم نے ماضی میں بھی کہا ہے کہ ہم افواہوں یا قیاس آرائیوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار نہیں کرتے۔

آئی فونز اور اینڈروئڈ فونز کی دنیا میں 17 سال پرانے اور سنیک نامی گیم کے لیے معروف نوکیا 3310 کی واپسی غیر متوقع لگتی ہے مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس کی مانگ ہو سکتی ہے۔

آئی ٹائمز کے ٹیکنالوجی کے نائٹ ایڈیٹر ایلسٹر چارلٹن نے نیوز بیٹ کی ٹیم سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ میری دادی یہ فون استعمال کرسکتی ہیں جبکہ انھیں یہ بھی معلوم نہیں ہوگا کہ آئی فون یا اینڈروئڈ فون کی ابتدا کہاں سے کرنی ہے۔‘

Image caption 'اگر اس میں وٹس ایپ، فیس بک جیسی چیزوں کی رسائی ہو تو شاید یہ جگہ بنا سکے۔'

’آپ کسی میلے میں اپنا 20 پاؤنڈ والا فون لے جا سکتے ہیں اور شیشے کی سکرین والا اپنا مہنگا فون گھر چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔ بیک پیکرز اور ان جیسے لوگ بھی اس فون کو اس کی مضبوطی، کم قیمت، اور لمبی چلنے والی بیٹری کی وجہ سے پسند کر سکتے ہیں۔‘

سمارٹ فونز کے بہت سے صارفین اپنے موبائل فونز کی بیٹری کے بارے میں شکایت کرتے ہیں اور یہ 3310 کے لیے اہم کامیابی ہو سکتی ہے۔

ٹیک ہب نامی ٹیکنالوجی کمپنی کی سی ای او ایلزبتھ وارلی کا کہنا ہے کہ ’3310 میں لوگوں کی دلچسپی یہ ظاہر کرتی ہے کہ اب بھی بیٹری بہت سے صارفین کے لیے اہم ترین عنصر ہے۔‘

ایلسٹر چارلٹن کا مزید کہنا ہے کہ 3310 کی واپسی کے بارے میں سب سے پہلے خبر دینے والے وینچر بیٹ کاہلکار ایون بلاس ٹیکنالوجی انڈسٹری میں لیک ہونے والی خبروں کے لیے ایک مصدقہ شخصیت ہیں اور ان کی اکثر پیش گوئیاں درست ثابت ہوتی ہیں۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ آج کی مارکیٹ میں کامیاب ہونے کے لیے نوکیا کو 3310 کے فیچرز میں جدت لانی ہوگی۔ ’اگر اس میں وٹس ایپ، فیس بک جیسی چیزوں کی رسائی ہو تو شاید یہ جگہ بنا سکے۔‘

اسی بارے میں