کافی پینے والے شاید لمبی عمر پاتے ہیں

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق دن بھر میں کافی کے تین کپ پینے سے آپ کی عمر شاید طویل ہو سکتی ہے۔
یہ تحقیق 10 یورپی ملکوں کے پانچ لاکھ افراد پر کی گئی۔
یہ تحقیق جسے دی اینالز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع کیا گیا کے مطابق اگر آپ کافی سے کیفین کو نکال کر استعمال کریں تب بھی اس کا ایک اضافی کپ کسی شخص کی زندگی کو بڑھا سکتا ہے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ یقینی طور پر کہنا ناممکن ہے کہ صحت مند طرز زندگی سے زیادہ یہ کافی ہے جسے پینے والوں کی زندگی پر محفوظ اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ صرف اس لیے کافی کا ایک فالتو کپ پینے کی ضرورت نہیں ہے۔
کینسر پر بین الاقوامی سطح پر تحقیق کرنے والے ادارے اور امپیرئیل کالج لندن کا کہنا ہے کہ انھیں معلوم ہوا ہے کہ زیادہ کافی پینا موت کے خطرے کی کمی سے تعلق رکھتا ہے خاص طور پر دل کے امراض اور آنتوں کے امراض سے۔ محققین نے 10 یورپی ممالک کے 35 سال سے زیادہ عمر کے افراد سے موصول ہونے والے ڈیٹا کا جائزہ لیا ہے۔
انھوں نے ان افراد سے پوچھا کہ وہ کافی کے کتنے کپ پیتے ہیں اور پھر انھوں نے اوسطً 16 سال تک ان میں شرح اموات کو دیکھا۔
پروفیسر ڈیوڈ سپائیجل ہالٹر جن کا تعلق یورسٹی آف کیمبرج سے ہے کہتے ہیں ہیں کہ اگر واقعی کافی کے استعمال سے اموات میں کمی ہوئی تو ہر روز کافی کا ایک کپ زیادہ پینے کے نتیجے میں مردوں کی عمر تین ماہ اور عورتوں کی عمر میں تقریباً ایک ماہ اضافہ ہوا۔
اس تحقیق میں ہر پہلو کا مشاہدہ نہیں کیا گیا۔ مثال کے طور پر یہ معلوم نہیں کیا گیا کہ کافی پینے والوں کی آمدن نہ پینے والوں کی نسبت کتنی تھی؟
ہو سکتا ہے کہ جو تین کپ کافی پیتے ہوں وہ سماجی رابطوں میں کافی نہ پینے والوں کی نسبت زیادہ فعال ہوں۔
محققین کے مطابق زیادہ کافی پینے والی خواتین بیضہ دانی کے کینسر کا زیادہ شکار ہوسکتی ہیں۔
ماہرین نے تحقیق کی ابتدا میں ہی دل کے مریضوں، شوگر کے مریضوں کو نکال دیا تھا اس لیے اس سے یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان بیماریوں کا شکار افراد کے لیے کافی کتنی مددگار ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی کافی کے بارے میں سامنے آنے والی تحقیق میں متضاد رائے سامنے آتی رہی ہے۔
کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ کیفین کے حامل مشروبات کے استعمال سے آپ عارضی طور پر چوکنے ہو جاتے ہیں۔
نیشنل ہیلتھ سروس کی تجویز کے مطابق حاملہ خواتین کو بھی 200 گرام سے زیادہ کافی نہیں استعمال کرنی چاہیے۔
کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ بجائے اس کے کہ آپ اسی پر توجہ رکھیں کہ کافی ہی آپ کے لیے اچھی ہے اپنی زندگی کو بڑھانے میں بہتری کے لیے آپ ایک کافی شاپ تک پہنچنے کے لیے 20 منٹ تک تیز چہل قدمی ضرور کریں پھر چاہے کافی کے لیے آڈر دیں یا نہ دیں۔