چھ سالہ بچہ جو کھلونوں کے تجزیے کرتا ہے اور ارب پتی ہے

ریان تصویر کے کاپی رائٹ PLAYBACK/YOUTUBE/RYAN TOYSREVIEW
Image caption بہت کم لوگ ہی ریان کا پورا نام جانتے ہیں

کیا آپ کو ایسا خیال آیا ہے کہ ایک چھ سالہ بچہ کتنی کمائی کر سکتا ہے؟ آپ کہیں گے کہ اتنی کم عمر میں کیا بچے کام بھی کر سکتے ہیں؟

لیکن ننھا ریان ہر ہفتے یوٹیوب پر کھلونوں پر تبصرہ کرتا ہے اور اس کے بدلے ان کے والدین کو اچھے پیسے مل رہے ہیں۔

ریان نے گذشتہ سال ایک کروڑ دس لاکھ ڈالر کی کمائی کی ہے۔ یہ رقم انڈین کرنسی میں 70 کروڑ سے زیادہ ہوتی ہے اور پاکستانی کرنسی میں یہ تقریباً سوا ارب روپے بنتی ہے۔

ان کی اس قدر کمائی کا سبب ان کے ویڈیوز ہیں جو کروڑوں لوگ دیکھتے ہیں۔ یہ چھ سالہ بچہ 'ٹوائز ریویو' یعنی کھلونوں کے تجزیے پر مبنی ایک یوٹیوب چینل چلاتا ہے۔

اپنے اس یوٹیوب چینل کے ذریعے ریان اپنے ناظرین کو کھلونوں کی دنیا میں لے جاتا ہے۔

فوربز میگزین نے انھیں دنیا میں سنہ 2017 کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے سٹارز کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PLAYBACK/YOUTUBE/RYAN TOYSREVIEW
Image caption ریان اپنے چینل پر کھلونوں کا تجزیہ کرتے ہیں

مارچ سنہ 2015 میں شروع ہونے والے ریان کے ٹوائز ریویو کے ویڈیوز کو اب تک 16 ارب سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں۔

لیکن ان کی اس قدر کمائی اور شہرت کے باوجود لوگ ریان کے بارے میں بہت کم جانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

٭ زیادہ کمائی کرنے والوں میں شاہ رخ اور سلمان بھی شامل

٭ ایما سٹون سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ

ان کا پورا نام کیا ہے اور وہ کہاں رہتے ہیں جیسے سوالات کے بارے میں لوگ کم ہی جانتے ہیں۔ ان کے بارے میں صرف اتنا معلوم ہے کہ وہ امریکی ہیں۔

معروف اخبار واشنگٹن پوسٹ کے ساتھ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ریان کی والدہ نے کہا کہ 'یو ٹیوب چینل کا خیال اس وقت آیا جب ریان صرف تین سال کے تھے۔ ریان کم عمری سے ہی کھلونے کے ریویو کرنے والے ٹی وی چینلز شوق سے دیکھا کرتے تھے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ PLAYBACK/YOUTUBE/RYAN TOYSREVIEW

ریان کی ماں نے اپنی شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا: 'ایک روز ریان نے مجھے بتایا کہ میں دوسرے بچوں کی طرح یوٹیوب پر کیوں نہیں ہوں۔ پھر ہم نے کہا کہ ہم ایسا کر سکتے ہیں۔ ہم ایک کھلونے کی دکان پر گئے جہاں ہم نے ایک لیگو ٹرین خریدی اور یہ سے اس چینل کی ابتدا ہوئی۔‘

ریان کا ایک ویڈیو 80 کروڑ سے زائد لوگوں نے دیکھا ہے۔ سنہ 2015 کے مارچ مہینے میں شروع کیے جانے والے ریان کے یوٹیوب چینل کو سنہ 2016 کی جنوری تک دس لاکھ سے زیادہ سبسکرائبر مل گئے تھے۔ فی الحال ریان کے چینل کے ایک کروڑ سے زیادہ سبسکرائبر ہیں۔

اسی بارے میں