چین: ’سپرم ڈونرز کی کمیونسٹ پارٹی سے وفاداری ضروری ہے‘

چین تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بیان کے مطابق تمام درخواست گزار مردوں کی عمر 20 سے 45 سال کے درمیان ہونی چاہییں

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک سپرم بینک نے سپرم عطیہ کرنے والوں سے کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ وفاداری کے اظہار کا مطالبہ کیا ہے۔

بدھ کو پیکنگ یونیورسٹی تھرڈ ہسپتال کی جانب سے ’وی چیٹ‘ ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپرم عطیہ کرنے والے افراد 'سوشلسٹ دھرتی کے ساتھ محبت' کریں۔

اس پوسٹ میں جسمانی صحت اور سپرم کے معیار کی جانچ پڑتال کا طبی ٹیسٹ پاس کرنے والوں افراد کو 5,500 یوان (£622; $872) دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔

تاہم جمعے کی شام یہ بیان سوشل میڈیا سے ہٹا دیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق تمام درخواست گزار مردوں کی عمر 20 سے 45 سال کے درمیان ہونی چاہییں اور انھیں کوئی جینیاتی یا موذی بیماری نہ ہو، اور وزن کا کسی قسم کا مسئلہ، کلر بلائنڈنیس یا بال گرنے کا مسئلہ نہ ہو۔

بیان میں کہا گیا کہ مردوں میں ’سازگار سیاسی خوبیاں‘ ہونی چاہییں۔

یہ بھی پڑھیں!

تین افراد کے مشترکہ بچے کی پیدائش کی اجازت

لڑکوں کی پیدائش کے لیے انڈین اخبار کی ٹپس

نطفوں کی کمی سے ’انسان کی معدومیت کا خطرہ‘

اس بیان میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار ضروری طور پر ’کمیونسٹ پارٹی کی حمایت کریں، پارٹی کے مقصد کے ساتھ وفادار ہوں، اور قانون پر عمل پر کرنے والے ہوں، سیاسی مسائل سے آزاد ہوں۔‘

یہ واضح نہیں ہے کہ ہسپتال عطیہ کرنے والوں کی سیاسی وابستگی کی تصدیق کیسے کریں گے۔

ہسپتال کی ہیلپ لائن پر ایک ڈاکٹر نے ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کو بتایا کہ ’جب تک آپ خود کو موزوں سمجھتے ہیں یہ ٹھیک ہے۔‘

تایم چین کے دیگر سپرم بینکوں نے سیاسی وفاداری کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption چین نے سنہ 2015 میں ایک بچے کی پالیسی کا خاتمہ کر دیا تھا

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیکنگ یونیورسٹی تھرڈ ہسپتال نے بدھ کو سپرم کے عطیات کی مہم کا آغاز کیا تھا، لیکن ’وی چیٹ‘ پر جاری کیا گیا یہ بیان ہٹا دیا گیا ہے، یہ مہم 23 مئی تک جاری رہے گی۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطاق ملک میں صرف 23 سپرم بینک ہیں اور بیشتر کو سپرم کے عطیات کی کمی کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ چین نے سنہ 2015 میں ایک بچے کی پالیسی کا خاتمہ کر دیا تھا جس کے بعد عطیہ شدہ سپرم حاصل کرنے کی مانگ کے اضافہ ہوا ہے۔

سپرم بینک کی خدمات حاصل کرنے والے خاندانوں کو یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ بات بننے والا شخص بانجھ ہے یا کسی جینیاتی بیماری میں مبتلا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں