لاشوں کو صدیوں تک محفوظ رکھنے کا ’قدیم مصری نسخہ مل گیا‘

حنوط شدہ لاش تصویر کے کاپی رائٹ DR STEPHEN BUCKLEY/ UNIVERSITY OF YORK

ایک حنوط شدہ ممی کے تجزیے سے قدیم مصر کے اس اصل نسخے کا راز معلوم ہو گیا ہے جسے وہ لاشوں کو صحیح سلامت حالت میں محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کرتے تھے

3700-3500 قبل مسیح کی ایک ممی پر فورنزک کیمیائی ٹیسٹ کیے گئے جس سے سائنس دانوں کو لاشوں کو صحیح حالت میں محفوظ رکھنے کی ترکیب کے بارے میں پتہ چلا اور اس بات کی بھی تصدیق ہوئی ہے کہ اس ترکیب کو بہت پہلے اور بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا تھا۔

اس حنوط شدہ لاش کو اٹلی کے شہر ٹیورن کے مصری عجائب گھر میں رکھا گیا ہے۔ یہ تحقیق آرکیالوجیکل سائنس نامی جریدے میں شائع کی گئی ہے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

مینیسوٹا: ڈیپارٹمنٹ سٹور سے حنوط شدہ بندر برآمد

150 برس سے خالی تصور کیے جانے والے تابوت میں ممی موجود

نئی تکنیک سے حنوط شدہ لاشوں پر لکھی تحریر پڑھنی ممکن

یونیورسٹی آف یارک کے ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر سٹیون بکلے نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ یہ حنوط شدہ لاش ’اصل میں اس نسخے کا پتہ دیتی ہے جو مصری چار ہزار برسوں سے لاشوں کو محفوظ کرنے کے لیے استمعال کر رہے تھے۔‘

ڈاکٹر بکلے اور ان کے ساتھیوں نے ہر جز کے ہر ایک کیمیکل ’فنگر پرنٹ‘ پر کام کیا، جبکہ ہر ایک عنصر مختلف ذرائع سے حاصل کیا گیا تھا۔

تو بنیادی نسخہ کچھ یوں ہے:

  • ایک پودے کا تیل، ممکنہ طور پر تلوں کا روغن
  • ’بلسم جیسا‘ پودا یا ایک خاص قسم کی گھاس سے حاصل کردہ عرق
  • ممکنہ طور پر کیکر سے حاصل کردہ قدرتی گوند
  • صنوبر جیسے کسی درخت سے حاصل کردہ گوند

جب اس گوند کو تیل میں ملایا جاتا ہے تو یہ ملغوبہ اسے جَراثیم کش بنا دیتا ہے، جو جسم کو گلنے سڑنے سے محفوظ رکھتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ STEPHEN BUCKLEY/UNIVERSITY OF YORK

سائنسدانوں نے نسخہ کیسے دریافت کیا؟

ڈاکٹر بکلے نے کئی سال پہلے اس نسخے کی تلاش شروع کی تھی۔ اس دوران انھوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر ان کپڑوں کا تجزیہ کیا جن میں قدیم مصری حنوط شدہ لاشوں کو لپیٹتے تھے۔

شمالی انگلینڈ میں بولٹن میوزیم میں موجود مصری کلیکشن میں یہ کپڑے موجود ہیں۔

یہ کپڑے چار ہزار قبل مسیح کے دور سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ اس وقت سے بہت زیادہ پرانے ہیں جس کے بارے میں خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ جب لاشوں کو حنوط کرنا شروع کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر بکلے کے مطابق ’لاشوں کو حنوط کرنے کا سلسلہ 2600 قبل مسیح شروع ہوا۔ یہ وہی زمانہ ہے جب ہڑے ہرم کی تعمیر شروع ہوئی تھی۔

’لیکن ہم نے دیکھا ہے کہ ایسے شواہد موجود ہیں کہ لاشوں کو صحیح حالت میں محفوظ رکھنے کا عمل اس سے کافی پہلے شروع ہو چکا تھا۔‘

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں