کیا آپ نے کبھی تصور کیا ہے کہ زمین خلا سے کیسی نظر آتی ہے؟

کیا آپ کو نہیں لگتا ہے کہ خلابازوں کو کرہ ارض کا سب سے عمدہ مقام سے نظارہ کرنے کا موقع ملتا ہے؟ یہ ہیں چند تصاویر جو فضائی فوٹوگرافی کے ایک منصوبے 'ڈیلی اوور وییو' نے جمع کی ہیں جس میں وہ روزانہ سیٹلائٹ اور جہازوں کی مدد سے زمین کے مختلف مقامات کی خلا سے لی گئی تصاویر کو اکھٹا کرتے ہیں۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

کیا آپ نے کبھی سوچا تھا کہ ایک صحرا میں اتنے سارے جہاز ہوسکتے ہیں؟ لیکن اب آپ ایسا دیکھ سکتے ہیں۔ یہ ہے جنوبی کیلیفورنیا میں ایک ہوائی اڈہ جو کہ اب جہازوں کا قبرستان ہے جہاں 150 سے زائد طیارے موجود ہیں جنھیں ریٹائر کر دیا گیا ہے اور اب وہ قابل پرواز نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ دو دہائیوں میں جمبو جیٹس کی مانگ میں کمی ہونے کے باعث کئی ایسے بڑے جہازوں کو ریٹائر کر دیا گیا ہے۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

یہ ہیں ہالینڈ کے شہر لسے میں رنگ برنگے نرگس کے باغات۔ ولیندیزی نرگس دنیا بھر مشہور ہیں۔ ہر سال مارچ کے مہینے میں موسم بہار کی آمد پر یہ پھول کھلنا شروع ہوتے ہیں اور اپریل تک اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ آ چکے ہوتے ہیں۔ ہالینڈ میں ہر سال چار ارب سے زیادہ نرگس پھول اگائے جاتے ہیں۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

اس تصویر کو دیکھ کر آپ کی آنکھیں کیسا محسوس کرتی ہیں؟ یہ ننھے منھے چوکور سپین کے شہر بارسلونا کے علاقے ایکژامپل کے ہیں۔ بارسلونا کا یہ علاقہ اپنے مخصوص ڈیزائن کی وجہ سے مشہور ہے۔ اسے ڈیزائن کرنے والے الدفونس سرڈا تھے اور انھوں نے ایکژامپل کی سڑکیں اس طرح بنائی تھیں کہ وہ چوڑی ہوں، اور وہ آٹھ سمتوں والے کراس روڈ پر نکلیں۔ اس ڈیزائن سے شہریوں کو سورج کی روشنی درست طور پر ملے گی اور ہوا کی آمد و رفت بھی ٹھیک ہوگی اور گاڑی استعمال کرنے والے شہریوں کو پارکنگ کی جگہ بھی مل جائے گی۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

یہ شاندار تصویر گیما سولر کنسینٹریٹر کی ہے جو سپین کے شہر سیویل میں واقع ہے۔ اس میں 2650 شیشے لگے ہوئے ہیں جو سورج کی روشنی کی مدد سے بجلی پیدا کرتے ہیں۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

یہ تصویر ہے مغربی آسٹریلیا میں واقع ماؤنٹ وہیل بیک میں موجود لوہے کی کان کی۔ دنیا بھر سے کان کنی کے ذریعے نکالے جانے والا 98 فیصد لوہا فولاد بنانے کے کام آتا ہے اور اس کا استمال مختلف شعبوں میں ہوتا ہے جیسے عمارتوں کی تیاری، گاڑیوں کی تیاری، اور دیگر کئی اشیا۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

یہ دیکھیں پیرس کی گلیاں۔ اسے 1853 اور 1870 کے درمیان ایک شخص جیورجس یوجین ہاؤسمان نے ڈیزائن کیا تھا اور اس کی تعمیر میں پیرس شہر کے پرانے اور غیرمحفوظ مکانات کو گرا کر وہاں چوڑی سڑکیں، پارک اور فوارے بنائے گئے تھے۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

آپ اس تصویر میں کتنے کھیت گن سکتے ہیں؟ یہ تمام کھیت برطانوی ریاست کے حصے ویلز کے علاقے پیمب روکشائر میں واقع ہیں۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

سمندر کی لہروں میں بننے والے خوبصورت نمونے دیکھیں۔ یہ منظر ہمیں آسٹریلیا کے شہر پرتھ کے ساحل پر نظر آیا جہاں کے ساحلوں کی خوبصورتی کا دنیا بھر میں چرچا ہے۔ اگر فضا سے دیکھیں تو ہمیں سمندری رو بنتے ہوئے نظر آئے گی جو پھر ساحلوں سے ٹکراتی ہے۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

سنگاپور کی بندرگاہ پر موجود یہ ہیں کارگو کشتیاں اور ٹینکرز۔ یہ دیو ہیکل جہاز فضا سے دیکھنے میں کتنی چھوٹی لگ رہی ہیں! یہ بندر گاہ دنیا کا دوسرا مصروف ترین بندرگاہ ہے اور دنیا بھر کے خام تیل کا نصف حصہ اسی بندرگاہ سے ہوتے ہوئے گزرتا ہے۔

تصویر تصویر کے کاپی رائٹ DAILY OVERVIEW/DIGITALGLOBE, A MAXAR COMPANY

یہ تو بہت سارے گرین ہاؤس ہیں! سپین کے علاقے المیرا میں 75 مربع میل سے زیادہ کا حصہ ان گرین ہاؤسز سے بھرا ہوا ہے۔ ان کی چھتوں کو پلاسٹک سے ڈھانپا گیا ہے اور اس ڈیزائن کا مقصد ہے کہ زیادہ سے زیادہ غذا کو کم سے کم وقت میں اگایا جائے۔ اس تصویر میں صرف چھ مربع میل کا حصہ دکھایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوانات