یہ کون ہیں جو چاند پر ایک دوسرے کی تصاویر اتار رہے ہیں؟

چینی روور اور لینڈر تصویر کے کاپی رائٹ CLEP
Image caption لینڈر کے ٹرین کیمرے سے لی گئی روور کی تصویر

چاند کے 'تاریک حصے' پر پہنچنے والے چینی مشن چینی مشن چینگ ای 4 کی دو گاڑیوں نے ایک دوسرے کی تصاویر کھینچیں جو کہ چینی خلائی ایجنسی نے جاری کر دی ہیں۔

چین کے خلائی ادارے کا کہنا ہے کہ 3 جنوری کو چاند کے اوجھل حصے پر اترنے کے بعد دونوں خلائی گاڑیاں، ایک چینی روور اور لینڈر دونوں اچھی حالت میں ہیں۔

اس کے ساتھ ہی لینڈِنگ کے مقام کے وسیع مناظر کی تصاویر اور دونوں گاڑیوں کی لینڈنگ کی ویڈیوز بھی جاری گئی ہیں۔

روور اور لینڈر اس طرح کے آلات سے لیس ہیں جو چاند کے اس اب تک ان دیکھے علاقے کو سمجھنے میں مدد دیں گے۔

’خلابازوں کو مریخ پر بھیجنا بیوقوفی ہے‘

مریخ پر ’کیوروسٹی‘ کے دو ہزار دن

تصویر کے کاپی رائٹ CLEP
Image caption یہ لینڈر کی وہ تصویر ہے جو روور کے پینوریمِک کیمرے سے لی گئی ہے

روور ابھی ابھی ’سٹینڈ بائی‘ حالت سے جاگا ہے۔

گاڑی کو لینڈنگ کے مقام پر، جہاں سورج اپنے بلند ترین مقام پر پہنچا، شدید درجہ حرارت سے بچانے کے لیے کنٹرولرز نے لینڈنگ کے فوراً بعد اسے اس پوزیشن میں ڈال دیا تھا۔

درجہ حرارت 200ڈگری سینٹیگریڈ تک پہنچنے کا خدشہ تھا۔ تاہم چائنیز لونر ایکسپلوریشن پروگرام (CLEP) کے مطابق 11 جنوری کی صبح تک یوتو 2 روور، اس کا لینڈر اور ریلے سیارہ سب ٹھیک ہیں۔

چینگ ای-4 نامی یہ مشن چاند کے اوجھل حصے پر لینڈنگ کی پہلی ایسی کوشش ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ CLEP
Image caption لینڈر کے کیمرے سے لی گئی وان کارمان کھائی کی تصویر
تصویر کے کاپی رائٹ CLEP
Image caption چینگ ای- 4 کے لینڈر پر لگے کیمرے سے لی گئی لینڈنگ کے مقام کی ایک تصویر

چائنیز لونر ایکسپلوریشن پروگرام نے یہ تصاویر جاری کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا، ’محققین لینڈنگ کیمرے سے لی گئی تصاویر کے ذریعے لینڈنگ کے مقام کے آس پاس چاند کی سطح اور بناوٹ کا تجزیہ مکمل کر چکے ہیں۔‘

پہلے لی جانے والی تصاویر کے برعکس ان نئی تصاویر میں چینی محققین نے رنگوں کو صحیح کیا ہے تاکہ تصاویر اصلیت کی بہتر عکاسی کر سکیں، اور وہ ہمیں ویسی نظر آئیں جیسے کہ ہم وہیں کھڑے ہوں۔‘

مبصرین نے اس طرف توجہ دلائی کہ ان تصاویر میں چاند کی سطح کافی حد تک لال نظر آتی ہے جو کہ پہلے کی سرمئی تصاویر سے بالکل الگ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ CLEP
Image caption پہلے لی جانے والی تصاویر کے برعکس ان نئی تصاویر میں چینی محققین نے رنگوں کو صحیح کیا ہے

'دی کنورسیشن' کے لیے لکھے گئے ایک آرٹیکل میں ملٹن کینز کی اوپن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیو راتھری نے لکھا کہ 'تصویر کی اصل شکل میں چاند کی سطح سرخ نظر آتی ہے کیونکہ ڈیٹیکٹر سبز اور نیلے رنگ کے مقابلے میں سرخ کے بارے میں زیادہ حساس تھے۔'

چینگ ای 4 چین سے سات دسمبر کو لانچ کیا گیا تھا اور یہ چاند کی سطح پر تین جبوری کو بیجنگ کے وقت کے مطابق دس بج کر چھبیس منٹ پر اتری۔ یہ چاند کے اوجھل حصے کو دریافت کرنے کے لیے بھیجا جانے والا پہلا مشن تھا۔

سپیس نیوز کے مطابق چاند گاڑی کو بارہ جنوری کو جب چاند پر رات ہو گی غیر فعال کر دیا جائے گا اور اس وقت وہاں درجہ حرارت منفی ایک سو اسّی ڈگری تک گر سکتا ہے۔

سائنسدان چاند پر بھیجی گئی گاڑی سے کیسے رابطہ رکھیں گے؟

چین کی یونیورسٹی آف جیو سائنس کے ڈاکٹر لانگ ژاؤ نے ستمبر میں ایک میگزین میں لکھا تھا کہ چاند کا یہ حصہ جہاں چین کی خلائی گاڑی اتری ہے زمین سے اوجھل ہے اور اس سے براہ راست ریڈیو لنک ممکن نہیں۔ اس کا رابطہ زمین سے ایک سیٹلائیٹ کے ذریعے ہو گا جسے چین نے گزشتہ سال مئی میں لانچ کیا تھا۔

یہ سیٹلائیٹ چاند سے 65000 کلومیٹر کے فاصلے پر ایسے مقام پر ہے جہاں وہ چین، ارجنٹینا اور دیگر ممالک سے دیکھی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ ایک غیرمعمولی صورتحال کی وجہ سے جسے 'ٹائیڈل لاکنگ' کہا جاتا ہے ہم زمین سے چاند کا صرف ایک رخ دیکھ سکتے ہیں۔ یہ اس لیے ہوتا ہے کہ چاند اپنے محور پر گھومنے کے لیے اتنا ہی وقت لیتا ہے جتنی دیر میں وہ زمین کے مدار کے گرد چکر لگاتا ہے۔

چاند کی اس سطح کو عام طور پر 'تاریک پہلو' کہا جاتا ہے تاہم یہاں 'تاریک' کا مطلب 'ان دیکھا' ہے اور ایسا نہیں کہ یہاں روشنی نہیں ہوتی۔ واضح رہے کہ چاند کے دونوں جانب دن اور رات کا وقت یکساں ہوتا ہے۔

اسی بارے میں