گندے دانتوں سے دل کی بیماری کا خطرہ

برطانوی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جو لوگ دن میں دو مرتبہ دانت صاف نہیں کرتے ان میں دل کی بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

سکاٹ لینڈ میں کی جانے والی یہ تحقیق برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ سائنسدانوں نے دانتوں کی صفائی اور دل کی بیماری کے باہمی تعلق پر کام کیا ہے۔

تحقیق کے مطابق جو لوگ روزانہ دانت صاف نہیں کرتے ان میں دل کی بیماری کا شکار ہونے کا خطرہ ان افراد کے مقابلے میں سّتر فیصد زیادہ ہوتا ہے جو دن میں دو بار برش کرتے ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق منہ میں سوجن پیدا کرنے والا بیکٹریا دانت صاف نہ کرنے کی صورت میں خون میں شامل ہو کر انسانی وریدوں کو بند کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔