آنجہانی سٹیو جابز کو خراج عقیدت

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سٹیو کی ذہانت، لگن اور کام کرنے کی صلاحیت بے شمار ایسی ایجادات کا موجب بنی جو آج عام آدمی کی زندگی کا حصہ ہیں۔

دنیا بھر کی کاروباری شخصیات اور رہنما امریکی کمپنی ایپل کے سابق چیف ایگزیکیٹو اور اس کے شریک بانی آنجہانی سٹیو جابز کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

سٹیو جابز کی موت پر امریکی صدر براک اوباما اور روسی صدر دیمتری میدوی ایدف نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیو جابز نے دنیا کو تبدیل کر کے رکھا دیا۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ’سٹیو امریکہ کے عظیم موجدوں میں سے ایک تھے جو اپنی دلیرانہ طبیعت کے باعث مختلف سوچتے تھے، اتنے بہادر تھے کہ انہیں یقین تھا کہ وہ دنیا کو تبدیل کرسکتے ہیں اور اتنی اہلیت رکھتے تھے کہ وہ ایسا کرسکیں۔‘

اپیل کے شریک بانی سٹیو جابز نہیں رہے

اپیل کے مداحوں کا سوگ

ایک مہم جُو کی شناخت کو برقرار رکھا

کمپیوٹر سافٹ وئر مائیکروسافٹ کے سربراہ بِل گیٹس کا کہنا ہے ’ٹیکنالوجی کی دنیا میں جابز کا گہرا اثر آنے والی کئی نسلوں تک محسوس کیا جائے گا۔ ہم میں سے وہ جنہوں نے ان کے ساتھ کام کیا خوش قسمت ہیں اور یہ ایک اعزاز کی بات ہے۔ مجھے سٹیو بہت یاد آئیں گے۔‘

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کے مطابق وہ سٹیو جابز کو ایک معتبر صلاح کار اور دوست کے طور پر یاد رکھیں گے۔

مارک زکربرگ نے اپنے پیغام میں لکھا’ دوست اور معتبر صلاح کار بننے کا بہت شکریہ، یہ دکھانے کا شکریہ کہ جو آپ بناتے ہیں اس سے دنیا تبدیل ہو سکتی ہے، میں آپ کی بہت کمی محسوس کروں گا۔‘

عام لوگوں سے لے کر مقبول شخصیات کی ایک بڑی تعداد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک، ٹوئٹر اور یو ٹیوب پر سٹیو جابز کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔

Image caption سٹیو جابز کے انتقال پر ٹوئٹر پر ریکارڈ تعداد میں پیغامات پوسٹ کیے گئے ہیں

سٹیو جابز کے انتقال پر ٹوئٹر پر ریکارڈ تعداد میں پیغامات پوسٹ کیے گئے ہیں۔

چین میں انٹر نیٹ استعمال کرنے والے تین کروڑ صارفین نے سٹیو جابز کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اس کے علاوہ دنیا بھر میں اپیل کے سٹورز کے باہر ہزاروں کی تعداد میں لوگ پھول رکھ کر اور چراغ روشن کر کے سٹیو جابز کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

سٹیو جابز کے خاندان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سٹیو کی موت کے وقت وہ ان کے ساتھ تھے اور ان کی موت حالت سکون میں ہوئی۔

ایپل کا کہنا ہے کہ سٹیو کی وجہ سے آج دنیا کہیں بہتر ہے۔وہ دنیا کہ مشہور اور معروف برنس مین تھے اور انھوں نے آئی فون اور آئی پوڈ متعارف کرایا۔

ان کی موت ایپل کی طرف سے آئی فون کا نیا ماڈل فور ایس جاری کیے جانے کے ایک ماہ بعد ہوئی ہے۔

وہ اپنی کمپنی کے اندر اتنا اثر و رسوخ اور اعتماد رکھتے تھے کہ کسی اور کمپنی کے بارے میں ایسا کبھی نہیں سنا گیا ہو گا۔

اسی بارے میں