بلیک بیری:ای میل سروس تقریباً بحال

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ادارے نے میسیج اور ای میل سروس کے بند ہونے کی وجہ اپنے سِسٹم میں خرابی بتائی ہے۔

بلیک بیری موبائل فون بنانے والی کینیڈین کمپنی رِم نے کہا ہے کہ اس کی سروس تین دن تک بند رہنے کے بعد اب کافی بہتر ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں بلیک بیری کے لاکھوں صارفین کی میسیج اور ای میل بھیجنے کی سہولت رواں ہفتے پیر کو اچانک بند ہو گئی تھی اور بیشتر صارفین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اور ٹوِئٹر پر اس سلسلے میں غصے کا اظہار کیا تھا۔

رِم نے اس سروس کے بند ہونے کی وجہ اپنے سِسٹم میں خرابی بتائی ہے۔

سروس کی بحالی کے متعلق جمعرات کو رِم کی طرف سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ یورپ، مشرق وسطیٰ، افریقہ اور بھارت میں سروس اب پہلے سے بہتر ہو گئی ہے۔ تاہم ادارے کی ویب سائٹ پر درج تھا کہ ’ہم موجودہ صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ سروس بحال رہے۔‘

اس حوالے سے رِم کے انفارمیشن آفیسر رابن بائنفیٹ نے بلیک بیری کے صارفین سے مخاطب ہو کر کہا ’آپ سب نے ہمیشہ رابطے کے لیے ہماری سروس کو معتبر سمجھا ہے اور اب ہم آپ کو مایوس کر رہے ہیں۔ ہم اس مسئلے کو بڑی سنجیدگی سے ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں ہمارے لوگ دن رات صورتِ حال بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘

انھوں نے کہا ’ہمیں معلوم ہے کہ سروس کیوں متاثر ہوئی اور ہماری یہی کوشش ہے کہ جلد از جلد ہر جگہ یہ سروس معمول پر آ جائے‘۔

اسی بارے میں