ویلنٹائن ڈے پر’لو آن لائن‘

تصویر کے کاپی رائٹ other
Image caption اس بار بھی ویلنٹائن ڈے پر کئی تنہا لوگ آن لائن ڈیٹنگ ویب سائٹس پر اپنی تقدیر آزمانا چاہیں گے

ویلنٹائن ڈے سے قبل امریکہ میں کروائے گئے ایک سروے کے مطابق امریکیوں میں سے نصف ایسی کسی نا کسی شخصیت کو جانتے ہیں جسے اس کا پیار انٹرنیٹ کے ذریعے ملا ہو۔

اس سروے میں ایک ہزار لوگوں سے بات چیت کی گئی۔

سروے میں شامل بیس فیصد افراد نے تسلیم کیا کہ انہوں نے انٹرنیٹ کے ذریعے محبت یا تعلقات کی شروعات کی ہے جبکہ انچاس فیصد کا کہنا تھا کہ وہ ایسے کسی شخص کو جانتے ہیں جس کا رومانوی تعلق انٹرنیٹ کے ذریعے شروع ہوا ہو۔

ایسے ہی ایک سروے میں آن لائن ساتھی تلاش کرنے والوں کے طرزِ عمل پر تحقیقات کی گئی ہیں۔

یہ سروے ڈیجیٹل دنیا پر نظر رکھنے والی ایک کمپنی ایسر لیب نے سین فرانسسکو کے ایک كیفے میں کیا اور اس سے پتہ چلا کہ آن لائن ساتھی تلاش کرتے وقت مرد اور خواتین الگ الگ معیار اپناتے ہیں۔

اس سروے میں انتالیس افراد کے ایک چھوٹے لیکن علامتی گروپ کی جانچ کی گئی جس میں 21 مرد اور 18 خواتین تھیں۔

مطالعہ میں پایا گیا کہ مرد ممکنہ ساتھی کی تصویر جانچنے میں خواتین کے مقابلے پینسٹھ فیصد زیادہ وقت لگتے ہیں جبکہ خواتین کی دلچسپی دیگر معلومات میں ہوتی ہے۔

سروے کرنے والی کمپنی ایسر لیب کے سربراہ ایمي بركنر کا مانناہے کہ ویب سائٹس کو اپنے صارفین کی نظر کو ذہن میں رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’ڈیٹنگ بہت ہی ذاتی تجربہ ہے۔ یہ ویب سائٹ اور زیادہ کامیاب ہوں گی اگر یہ سارے تجربے اور زیادہ ذاتی بنا سکیں‘۔

ایک امریکی یونیورسٹی کے شعبۂ نفسیات نے حال ہی میں آن لائن ڈیٹنگ ویب سائٹس پر جانے والے لوگوں کے رجحانات کا مطالعہ بھی کیا ہے۔

نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے شعبۂ سماجی نفسیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ایلي فکل کہتے ہیں، ’اب تک اس بات کا کوئی مضبوط ثبوت نہیں ہے کہ ڈیٹنگ ویب سائٹس واقعی میں کارگر ہیں‘۔

ان کے مطابق’یہ بات ہر اس شخص کو صحیح لگ سکتی ہے جسے اب تک آن لائن ڈیٹنگ کی مدد سے کوئی ساتھی نہ ملا ہو‘۔

اس کے باوجود ویلنٹائن ڈے پر کئی تنہا لوگ آن لائن ڈیٹنگ ویب سائٹس پر اپنی تقدیر آزمانا چاہیں گے۔

حالانکہ میچ ڈاٹ کام جیسی ویب سائٹس دعویٰ کرتی ہیں کہ ان کے پاس ممکنہ ساتھی کو تلاش کرنے کا علم موجود ہے لیکن ایلي فکل کے خیال میں ایسے دعوؤں کو سنجیدگی سے لینے سے پہلے ان کی تفصیلی جانچ ضروری ہے۔

اسی بارے میں