سات میل گہرائی میں

ماریانا ٹرینچ تصویر کے کاپی رائٹ CCOM
Image caption ماریانا ٹرینچ کی گہرائی گیارہ کلومیٹر (سات میل) ہے

ماریانا ٹرینچ جہاں سمندر کی گہرائی گیارہ کلومیٹر (سات میل) ہے وہاں اس گہرائی تک پہنچنے کی دوڑ شروع ہو چکی ہے۔

اس سے قبل اس گہرائی تک پہنچنے کا سفر پچاس سال قبل طے کیا گیا تھا اور اب چار ٹیمیں وہاں دوبارہ جانے کی تیاری کر رہی ہیں۔

یہ ایک یاریخی سفر ہوگا جس میں جدید ترین آبدوز ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔ اس سفر میں ان چھوٹی آبدوزوں میں موجود افراد کی زندگیوں کو بھی ایک بہت بڑا خطرہ لاحق ہوگا۔

اگلے ایک سال کے دوران اس دوڑ میں شامل ہر ٹیم ایک منفرد طریقہ اپنائے گی اور سمندر کی گہرائی تک پہنچنے کی اس دوڑ میں ان میں سے صرف ایک ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔

ٹریٹن سبمرینز

تصویر کے کاپی رائٹ triton
Image caption ٹیٹن کی تین سیٹوں والی پیلی آبدوز

ٹریٹن سبمرینز ان چار ٹیموں میں سے ایک ہے جو اس دوڑ میں شامل ہے۔ فلوریڈا میں قائم یہ کمپنی پرائویٹ آبدوزیں بناتی ہے۔

اس کمپنی کی تین سیٹوں والی پیلی آبدوز میں پیسوں کے عوض عام افراد بھی اس سفر کا حصہ بن سکیں گے۔

اس کمپنی نے بہاماس میں اپنی سب سے زیادہ گہرائی تک جانے والی چھوٹی آبدوز کا تجربہ کیا جو ایک کلومیٹر (0.6 میل) تک جا سکتی ہے۔

لیکن یہ اس آبدوز کا پہلا نمونہ ہے جو ماریانا ٹرینچ کی گہرائی تک کا سفر طے کر سکے گی۔

کیمرون سبمرین

تصویر کے کاپی رائٹ SPL
Image caption ٹائٹینک کا ملبہ بحرہ اقیانوس میں چار ہزار میٹر (تیرہ ہزار فٹ) گہرائی میں پڑا ہے

فلم ہدایت کار جیمز کیمرون کی آبدوز کو خفیہ رکھا جا رہا ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر ڈیزائن کیا جائے گا جس سے ماریانا ٹرینچ کی بہترین تصاویر حاصل کی جا سکیں گی۔

جیمز کیمرون نے فلم ’دی ابیس‘ کی فلم بندی کے دوران زیر آب فلم بندی کی نئی تکنیک استعمال کرنے کی بنیاد رکھی۔

ہالی ووڈ کے ہدایت کار جیمز کیمرون آسٹریلوی انجینئروں کی ایک ٹیم کے ساتھ مل کر ایک آبدوز تیار کر رہے ہیں جو گیارہ کلومیٹر گہرائی کا سفر طے کر سکے۔

اپنی کامیاب فلم ٹائیٹینک کے لیے انہوں نے دو چھوٹی روسی آبدوزیں استعمال کی تھیں۔ ان کی مدد سے بحرہ اقیانوس میں چار ہزار میٹر (تیرہ ہزار فٹ) گہرائی میں پڑے اس کے ملبے کی فلم بندی کی گئی تھی۔

ورجن سبمرین

تصویر کے کاپی رائٹ virgin
Image caption رچرڈ برینسن کی کمپنی ورجن کی ٹیم ایک شخص پر مشتمل ہوگی

پچاس سال قبل ماریانا ٹرینچ میں یہ سفر دو افراد پر مشتمل ٹیم نے طے کیا تھا لیکن رچرڈ برینسن کی کمپنی ورجن کی ٹیم ایک شخص پر مشتمل ہوگی۔

ورجن کی ٹیم اپنی ’اڑنے ولی‘ سبمرین کے ساتھ چار ٹیموں میں سب سے پہلے دنیا کے اس گہرے ترین مقام تک پہنچنا چاہتی ہے۔

ڈوئر سبمرین

ڈوئر مرین کا کہنا ہے کہ سوال اس دوڑ میں اول آنے کا نہیں بلکہ ایک ایسی چھوٹی آبدوز بنانے کا ہے جس سے سائنس کو فائدہ پہنچ سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ doer marine
Image caption ڈوئر کی ٹیم کوگوگل کے چیئرمین ایرک شمٹ کی مالی پشت پناہی حاصل ہے

ڈوئر مرین سان فرانسسکو میں قائم ایک مرین ٹیکنالوجی کمپنی ہے جس کی بنیاد 1992 میں رکھی گئی تھی۔

اس ٹیم کو گوگل کے چیئرمین ایرک شمٹ کی مالی پشت پناہی حاصل ہے۔

اسی بارے میں