مفت موبائل ایپلیکیشنز سے بیٹری جلد ختم

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے مفت موبائل ایپلیکیشنز ڈاؤن لوڈ کرنے سے موبائل کی بیٹری کی چارجنگ جلد ختم ہو جاتی ہے۔

محققین نے ایک خاص آلے کے ذریعے اینرائڈ اور ونڈوز موبائل ہینڈ سیٹس پر متعدد موبائل ایپلیکیشنز لوڈ کرنے سے اندازہ ہوا کہ ان سے موبائل کی بیڑی پر اثر پڑتا ہے۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق ایک کیس میں ایک موبائل ایپلیکیشن کی توانائی کی کھپت کا پچھہتر فیصد اشتہارات پر خرچ کیا گیا۔

رپورٹ کے مصنف ابھیناو پاتھک نے کہا ہے کہ موبائل ایپلیکیشنز بنانے والے موبائل کی بیٹری کی چارجنگ کو سنجیدگی سے لیں۔

مسٹر پاتھک نے بی بی سی کو بتایا کہ ڈویلپرز کو ان اپلی کیشن میں تیسری پارٹی کے اشتہارات اور تجزیاتی خدمات کو استعمال کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

یہ تحقیق امریکی ریاست انڈیانا کی پرڈیو یونیورسٹی میں ایک ٹیم نے مشہور موبائل گیم’ناراض پرندوں‘ پر کی۔

تحقیق کے مطابق گیم کھیلنے والا صارف موبائل بیٹری کا صرف بیس فیصد استعمال کرتا ہے جبکہ بیٹری چارجنگ کا پینتالیس فیصد صارف کے محل و قوع کا تعین کرنے میں صرف ہوتا ہے تاکہ اس کو تشہری مواد بھیجا جا سکے۔

ایپل کے موبائل آپریٹنگ سسٹم میں پابندیوں کی وجہ سے تحقیقاتی ٹیم آئی فون پر ٹیسٹ نہ کر سکی۔

یہ ٹیسٹ تھری جی کنکشن پر اییپس کو چلانے کے لیے کیے گئے۔

بیلفاسٹ کے ایپلیکیشن ڈویلپر کرس میک لینڈ کا کہنا ہے کہ وہ اس تحقیق کے نتائج سے حیران نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کو مفت موبائل ایپلیکیشنز مہیا کرنے کے لیے ایسی مشقیں بڑی حد تک ناگزیر تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہے ڈویلپرز ان موبائل ایپلیکیشنز کو بناتے وقت بیٹری کی توانائی کے مزید استعمال پر غور کریں۔

اسی بارے میں