گوگل پلس میں نئے فیچرز کا اضافہ

Image caption گوگل پلس کے صارفین کو اب اس نیٹ ورک کے استعمال میں آسانی ہوگی

گوگل نے اپنے سوشل نیٹ ورک گوگل پلس کو نئی شکل میں پیش کیا ہے اور اب گوگل پلس میں کوور فوٹوز اور عنوانات کے علاوہ بہتر نیویگیشن مینیو فراہم کیا گیا ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ اب تک ایک سو ستّر ملین سے زائد افردا گوگل پلس کے رکن بن چکے ہیں تاہم ناقدین کے مطابق باقاعدگی سے اس نیٹ ورک کو استعمال کرنے والوں کی تعداد کہیں کم ہے۔

اپنے بلاگ میں گوگل کے وک گنوٹرا نے لکھا ہے کہ ’ابھی یہ ابتدائی دن ہیں اور بہت کچھ کرنا باقی ہے لیکن ہم ایک سماجی احساس کی تخیلیق پر بہت پرجوش ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ گوگل پلس کے نئے فیچرز میں تصاویر اور ویڈیو بڑے سائز اور بہتر کوالٹی میں مہیا کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ اب گوگل پلس پر ان موضوعات کی فہرست بھی دی جائے گی جن پر اس کے صارفین سب سے زیادہ بات کر رہے ہیں۔ یہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے ٹرینڈنگ ٹاپکس یا مقبول موضوعات کی نقل ہے۔ ٹوئٹر نے یہ سروس دو ہزار دس میں اپنی ویب سائٹ پر شروع کی تھی۔

اس کے علاوہ گوگل پلس نے سماجی روابط کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک سے ’کوور فوٹو‘ یا سرورق کی تصویر کی آپشن بھی مستعار لی ہے۔ فیس بک نے حال ہی میں اپنے صارفین کی پروفائلز کو ٹائم لائن کی شکل دیتے ہوئے یہ آپشن متعارف کروائی تھی۔

سوشل میڈیا اور عوامی رابطہ کاری کے استاد ڈیوڈ فلپس کے مطابق ان کے خیال میں ان نئے فیچرز کی مدد سے گوگل پلس کے صارفین کو اس نیٹ ورک کے استعمال میں آسانی ہوگی۔

اسی بارے میں