گلوبل وارمنگ سے مچھلیوں کی جسامت متاثر

آخری وقت اشاعت:  پير 1 اکتوبر 2012 ,‭ 22:46 GMT 03:46 PST

سمندر کے پانی کے درجۂ حرارت میں تبدیلی کا اثر مچھلیوں کی جسامت پر بھی پڑ سکتا ہے

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ یا عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مچھلیوں کی مختلف اقسام کے وزن اور جسامت میں چوبیس فیصد تک کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔

محققین نے دو ہزار ایک سے دو ہزار پچاس کے دوران مچھلیوں کی چھ سو سے زائد اقسام پر بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کے اثرات کا ماڈل تیار کیا۔

اس تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سمندری پانی کا گرم ہونا اس میں آکسیجن کی مقدار کم کر دیتا ہے جس سے مچھلیوں کے وزن میں واضح کمی واقع ہوتی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق اگر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج پر قابو نہ پایا گیا تو اس کا سمندری ایکو سسٹم پر اس کے کہیں برے نتائج مرتب ہوں گے جن کا امکان ظاہر کیا جاتا رہا ہے۔

ماضی میں کی گئی تحقیقات کے مطابق سمندر کے پانی کے درجۂ حرارت میں تبدیلی سے مچھلیوں کی کئی اقسام کی تولیدی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے جبکہ تازہ تحقیق کے مطابق اس تبدیلی کا اثر مچھلیوں کی جسامت پر بھی پڑ سکتا ہے۔

محققین نے یہ جاننے کے لیے کہ مچھلیاں پانی میں آکسیجن کی کم مقدار پر کیسا ردعمل ظاہر کرتی ہیں، ایک ماڈل بنایا جس کے لیے انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر بین الحکومتی پینل کے گرین ہاؤس گیسوں کے زیادہ اخراج کے ماڈل کے ڈیٹا کو استعمال کیا۔

تحقیقاتی دستاویز کے مطابق اگرچہ یہ ڈیٹا سمندر کی تہہ کے درجۂ حرارت میں تو معمولی تبدیلیاں ہی دکھاتا ہے لیکن ان تبدیلیوں کے نتیجے میں مچھلیوں کی جسامت میں آنے والا فرق بہت زیادہ تھا۔

اس تحقیق کے مرکزی مصنف اور یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے ڈاکٹر ولیم چیونگ کا کہنا ہے کہ پانی میں آکسیجن کی سطح اس معاملے کا کلیدی نکتہ ہے۔ ’بڑھتا ہوا درجۂ حرارت براہِ راست مچھلیوں کے جسم کا میٹابولک ریٹ بڑھا دیتا ہے‘۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’اس سے ان کی عام جسمانی ضروریات کے لیے آکسیجن کی ضرورت بڑھ جاتی ہے اور نشوونما کے لیے ان کے پاس کم آکسیجن بچتی ہے جس کا نتیجہ کم جسامت کی شکل میں سامنے آتا ہے‘۔

محققین کے مطابق آنے والے برسوں میں مچھلیوں کی جسامت میں چودہ سے چوبیس فیصد تک کمی واقع ہو جائےگی اور ایسی مچھلیوں کی زیادہ تعداد بحرِ ہند اور بحرِ اوقیانوس میں ہوگی۔

یہ تحقیق نیچر کائممیٹ چینج نامی سائنسی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔