رو‏ئے زمین پر خاموش ترین کمرہ

آخری وقت اشاعت:  بدھ 24 اکتوبر 2012 ,‭ 11:11 GMT 16:11 PST
سب سے خاموش ترین کمرے فوٹو

یہ کمرہ تقریباً ننانوے فیصد آواز جزب کر لیتا ہے

گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق روئے زمین پر سب سے خاموش کمرہ امریکی ریاست مِنیسوٹا میں واقع ہے جس میں اتنا گہرا سکوت ہوتا ہے کہ انسان اپنے دل کی دھڑکن، سانس اور پیٹ کے اندر کھانے کے ہضم ہونے کی آوازیں تک سن سکتا ہے۔

اس کمرے کو ’انیکوئک‘ کہا جاتا ہے یعنی ایسا کمرہ جس میں آواز کی بازگشت نہیں ہوتی اور یہ کمرہ 99۔99 فیصد آواز جذب کر لیتا ہے۔

اس کمرے کو اس زمین پر واقع سب سے خاموش ترین چیمبر یا کمرہ قرار دیا گیا ہے اور گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ اس سے خاموش جگہ کوئی اور نہیں ہے۔

شور اور ديگر آوازوں کو جذب کرنے کے لیے کمرے کی دیواروں کو تین فٹ موٹے ساؤنڈ پروف فائبر گلاس، سٹیل اور پتھر سے بنایا گیا ہے۔

ایک انسان زیرو ڈیسیبل تک دھیمی آواز سن سکتا ہے لیکن اس کمرے میں جو آواز ہوتی ہے اس کی پیمائش مائنس نو اعشاریہ چار ڈيسبیل ہے۔

اس کمرے میں شدید اندھیرا ہوتا ہے اور اس کے اندر جانے والا شخص کوئی بھی آواز نہیں سن پاتا جس کی وجہ سے اس کو گھبراہٹ ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ اس لیے کوئی بھی اس کمرے میں پینتالیس منٹ سے زیادہ نہیں ٹھہر پاتا ہے۔ اندر جانے والے لوگوں کو باہر سے ایک مخصوص تکنیک کے ذریعے ہدایات دی جاتی ہیں۔

یہ چیمبر محض تفریح کی جگہ نہیں ہے بلکہ مختلف کمپنیاں اپنی مصنوعات کو بازار میں لانے سے پہلے یہاں ان کے ساؤنڈ لیول یعنی آواز کے لیول کو ٹیسٹ کرتی ہیں۔ مختلف الیکٹرونک کمپنیاں واشنگ مشین، ریفریجریٹرز کی آواز یہاں چیک کرتی ہیں۔ یہاں تک کہ ہارلے ڈیوڈسن کی موٹر سائیکل کی آواز کا بھی یہاں ٹیسٹ ہوتا ہے۔

اس چیمبر کو دیکھنے کے لیے عوام میں بے حد دلچسپی پائی جاتی ہے اور سال میں کئی بار گروپ ٹور کیے جاتے ہیں۔

اس چیمبر میں وقت گزارنے کے لیے لوگوں کو کافی رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔ جو بھی کمپنی اس چیمبر کو کرائے پر لیتی ہے وہ ہر گھنٹے کے تین یا چار سو ڈالر ادا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ چیمبر کو دیکھنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک ماہر ان کے ساتھ ہوتا ہے جو انہیں بتاتا ہے کہ چیمبر کے اندر کس طرح چلیں اور کس طرح بغیر کسی آواز کے وہاں پینتالیس منٹ گزاریں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔