’30 برس کی عمر تک تمباکونوشی چھوڑنا بہتر‘

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 27 اکتوبر 2012 ,‭ 06:03 GMT 11:03 PST

’تمباکو نوشی ترک کرنا بہت کارگر ثابت ہوتا ہے اور جتنی جلد آپ اسے چھوڑ دیں اتنا ہی اچھا ہے‘

برطانیہ میں دس لاکھ خواتین پر کی گئی تحقیق کے نتائج کے مطابق اگر خواتین تیس برس کی عمر تک تمباکونوشی ترک کر دیں تو ان کے تمباکو سے متعلقہ بیماریوں کا شکار ہو کر جلد مرنے کے امکانات ختم ہو جاتے ہیں۔

لینسٹ نامی طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق عمر بھر تمباکو نوشی کرنے والے افراد ایسے افراد کے مقابلے میں ایک دہائی کم جیتے ہیں جنہوں نے کبھی تمباکو نوشی نہیں کی۔

نتائج کے مطابق جو افراد چالیس برس کی عمر تک یہ عادت ترک کر دیتے ہیں اوسطاً ان کی زندگی کا ایک برس جبکہ تیس برس کی عمر تک سگریٹ چھوڑ دینے سے صرف ایک ماہ کم ہوتا ہے۔

تاہم ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ یہ نتائج نوجوانوں کو سگریٹ نوشی شروع کرنے کا لائسنس نہیں ہے۔

اس تحقیق سے وابستہ آکسفرڈ یونیورسٹی کے سر رچرڈ پیٹو کا کہنا ہے کہ ’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر خواتین مردوں کی طرح تمباکو نوشی کریں گی تو وہ مردوں کی طرح ہی ہلاک ہوں گی‘۔

ان کے مطابق’تمباکو نوشی جاری رکھنے والی خواتین میں سے نصف سے زائد کی ہلاکت کی وجہ یہ عادت ہی بنے گی۔ تمباکو نوشی ترک کرنا بہت کارگر ثابت ہوتا ہے اور جتنی جلد آپ اسے چھوڑ دیں اتنا ہی اچھا ہے‘۔

بارہ لاکھ خواتین پر تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جو خواتین دن میں دس سے کم سگریٹ بھی پیتی ہیں ان کے بھی جلدی مرنے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

سر رچرڈ کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق تو خواتین پر کی گئی لیکن اس کے نتائج مردوں پر بھی اتنے ہی صادق آتے ہیں۔

برٹش لنگ فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر پینی ووڈز کا کہنا ہے کہ ’تمباکو نوشی ترک کرنا آسان نہیں ہے۔ ستّر فیصد تمباکو نوش یہی کہتے ہیں کہ وہ اس عادت کو ترک کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے آپ تمباکو نوشی اس لیے شروع نہ کریں کہ جب چاہے اسے ترک کر دیں گے‘۔

انہوں نے کہا ’آپ کی صحت کے لیے بہترین یہی ہے کہ آپ تمباکو نوشی سے گریز ہی کریں‘۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔