میگا اپ لوڈ کی طرز پر نئی ویب سائٹ

آخری وقت اشاعت:  پير 21 جنوری 2013 ,‭ 01:13 GMT 06:13 PST

کم ڈاٹ کام نیوزی لینڈ سے میگا اپ لوڈ ویب سائٹ کو چلاتے تھے

جعل سازی کے الزام میں بندش کا سامنا کرنے والی ویب سائٹ ’میگا اپ لوڈ‘ کے سربراہ نے اسی طرز کی ایک نئی ویب سائٹ شروع کی ہے۔

کم ڈاٹ کام کی جانب سے ’میگا‘ کے نام سے شروع کی جانے والی ویب سائٹ پر صارفین فائلز کا تبادلہ اور ان کو محفوظ کر سکیں گے۔

گذ شتہ سال جنوری میں ’میگا اپ لوڈ‘ کو امریکی حکام نے جعل سازی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی بناء پر بند کر دیا تھا۔

پولیس نے اس وقت کم ڈاٹ کام کے دفاتر اور گھر پر چھاپے مارے تھے تاکہ میگا اپ لوڈ کو بند کیا جا سکے۔

اتوار کو نیوزی لینڈ میں کم ڈاٹ کام کی رہائش گاہ پر ایک پر تکلف کھانے میں’میگا‘ کو باقاعدہ آن لائن کیے جانے کا افتتاح کیا گیا۔

کم ڈاٹ کام جن کا پیدائشی نام کم شمتز تھا، نے اس موقع پر کہا کہ نئی ویب سائٹ قوانین کے مطابق ہے اور اس کو بند کرنے کی کوشش بیکار ثابت ہو گی۔

’قانونی طور پر اس ویب سائٹ پر کچھ ایسا نہیں جس کو جواز بنا کر اس کو بند کر دیا جائے، یہ ویب سائٹ قانونی ہے اور اس کو رہنے کا اسی طرح حق حاصل ہے جیسا کہ ڈروپ باکس، باکس نیٹ جیسی دیگر حریف ویب سائٹس کو ہے۔‘

ویب سائٹ کے آغاز کے چند گھنٹے بعد کم ڈاٹ کام نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ انہیں اپنی ویب سائٹ پر رجسٹریشن یعنی اندراج کے لیے دو لاکھ پچاس ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔

اس سے پہلے کم ڈاٹ کام کا کہنا تھا کہ میگا ویب سائٹ پر صارفین کو پچاس گیگا بائٹس تک ڈیٹا محفوظ کرنے کی سہولت حاصل ہو گی اور یہ ان کی حریف سروسز ڈروپ باکس اور مائیکرو سافٹ کی سروس سکائی ڈرائیو سے کہیں زیادہ ہے۔

سال دو ہزار بارہ میں امریکی استغاثوں نے ویب سائٹ پر جملہ حقوق رکھنے والوں کو پانچ سو ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ کم ڈاٹ کام اور ویب سائٹ کے دیگر اعلیٰ اہلکار جعل سازی سے منافع کما رہے ہیں۔

کم ڈاٹ کام ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور نیوزی لینڈ میں اپنے قیام کے حوالے سے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ کم ڈاٹ کام نیوزی لینڈ سے میگا اپ لوڈ ویب سائٹ کو چلاتے تھے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔