’عمر رسیدہ موٹر سائیکل سوار زیادہ زخمی‘

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 7 فروری 2013 ,‭ 12:59 GMT 17:59 PST

رپورٹ کے مصنفین کے مطابق عمر رسیدہ بالغوں میں ہڈیوں کی کمزوری اور طاقتور موٹر سائیکلیں خریدنے کی قوت بھی ان چوٹوں کی وجہ ہو سکتی ہے

امریکہ میں ایک نئی تحقیق کے مطابق موٹر سائیکل کے حادثات کے بعد ہسپتال میں داخل ہونے والے ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے موٹرسائیکل سواروں کی تعداد جوانوں کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔

’انجری پریونشن جرنل‘ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمر رسیدہ افراد میں موٹر سائیکل حادثے کے بعد سینے میں چوٹیں اور پسلیوں کی ہڈیوں کا ٹوٹنا عام ہیں۔

رپورٹ کے مصنفین کے مطابق عمر رسیدہ افراد میں ہڈیوں کی کمزوری اور طاقتور موٹر سائیکلیں خریدنے کی استطاعت بھی ان چوٹوں کی وجہ ہو سکتی ہے۔

اس تحقیق میں امریکہ کی نیشنل الیکٹرانک انجری سرویلنس سسٹم سے 2001 سے 2008 تک کے لیے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ یہ ادارہ امریکہ میں سو ہسپتالوں سے معلومات جمع کرتا ہے۔

"عمر رسیدہ موٹر سائیکل سواروں میں شدید چوٹوں کی وجہ عمر کے ساتھ بدن اور ہڈیوں کا کمزور ہونا اور سینے میں لچک کی کمی ہو سکتی ہے"

تحقیقی رپورٹ

تحقیق کے مطابق امریکہ میں 2001 سے 2008 تک بیس سال سے زائد عمر کے تقریباً پندرہ لاکھ افراد کو موٹر سائیکل حادثے کی وجہ سے علاج کی ضرورت پڑی۔

دوسری طرف ساٹھ سال کے عمر سے زائد موٹر سائیکل سواروں کو، بیس اور تیس سال کی دہائی میں عمر رسیدہ موٹر سائیکل سواروں کے مقابلے میں، ہسپتال میں داخلے کی تین گنا زیادہ ضرورت پڑی۔

عمر رسیدہ موٹر سائیکل سواروں کو جوانوں کے مقابلے میں دو تہائی تعداد میں زیادہ شدید چوٹیں لگنے کا امکان تھا۔

رپورٹ کے مصنفین نے کہا کہ’عمر رسیدہ موٹر سائیکل سواروں میں شدید چوٹوں کی وجہ عمر کے ساتھ بدن اور ہڈیوں کا کمزور ہونا اور سینے میں لچک کی کمی ہو سکتی ہے۔‘

مصنیفین نے مزید کہا کہ’ توازن قائم رکھنے اور نظر میں کمزوری اور بروقت ردِعمل کرنا عمر رسیدہ موٹر سائیکل سواروں میں حادثے کے بعد شدید چوٹوں کی وجہ ہو سکتی ہے۔‘

تحقیق کے مطابق عمر رسیدہ موٹر سائیکل سواروں میں جسم کے اوپر والے حصے میں فریکچر عام تھے جبکہ جوان موٹر سائیکل سواروں کو بازو ، کندھے اورہاتھ پر چوٹیں آئیں۔

برطانیہ میں موٹر سائیکل رکھنے والے گروہوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھی اس قسم کے رجحانات دیکھے ہیں۔

برٹش موٹر سائیکلسٹ فیڈریشن کے کرس ہوڈر کا خیال ہے کہ ہاتھ اور بازو میں چوٹیں آنے کی وجہ جوانوں کی تیز ردِ عمل اور ہاتھوں کے ذریعے اپنے آپ کو گرنے سے بچانا ہو سکتا ہے۔

موٹر سائیکل ایکشن کے نِک براؤن کا کہنا ہے کہ ’برطانیہ میں گذشتہ ایک دہائی کے دوران عمررسیدہ موٹر سائیکل سواروں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس طرح زخمی ہونے والوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تاہم ان کی تعداد امریکہ کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ ہر عمر کے گروپ میں زخمی ہونے والوں کا تناسب ایک جیسا ہے۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔