فیس بک کے ڈیزائن کو تبدیل کر دیا گیا

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 8 مارچ 2013 ,‭ 13:18 GMT 18:18 PST

کریس سٹروہار نے بتایا کہ ویب سائٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی لانے کا مقصد ہر پوسٹ کو دلچسپ بنانا تھا

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بْک نے اپنے ڈیزائن میں تبدیلی لاتے ہوئے اسے مزید بہتر کیا ہے۔

فیس بک کا نیا ڈیزائن اب زیادہ اینرائڈ اور آئی او ایس موبائل ایپلیکیشن کی طرح دیکھائی دیتا ہے۔

نئے ڈیزائن میں ویب سائٹ ریفریش کرنے سے نیوز فیڈ کے متبادل کے طور پر مخصوص موضوع بھی سامنے آتے ہیں۔

ویب سائٹ میں تبدیلی کی وجہ سے اشتہارات کو زیادہ جگہ ملے گی اور انہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکے گا۔

تاہم اس منصوبے کے سربراہ انجینیئر کریس سٹروہار نے اس کی تردید کی کہ ڈیزائن دوبارہ بنانے میں اشتہارات پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔

انہوں نے اس بات کو بھی رد کر دیا کہ تبدیلی لانے کا مقصد یہ ہے کہ صارفین ویب سائٹ پر زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔

کریس سٹروہار نے بتایا کہ ویب سائٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی لانے کا مقصد ہر پوسٹ کو دلچسپ بنانا تھا۔

انہوں نے نئے ڈیزائن کا باقاعدہ اعلان کرنے سے پہلے بی بی سی کو بتایا کہ’ ہم ویب سائٹ کو صاف اور واضح ، سادہ، مزید جدید اور استعمال کرنے والوں کے لیے آسان بنانا چاہتے تھے۔‘

"ہم پیج کو صاف اور واضح ، سادہ، مزید جدید اور استعمال کرنے والوں کے لیے آسان بنانا چاہتے تھے"

فیس بک کے انجینیئر کریس سٹروہار

فیس بْک کمپنی نے نئے فارمیٹ کو استعمال کے لیے پیش کر دیا گیا ہے لیکن فیس بک کے تمام صارفین کو اس سے مستفید ہونے میں کئی مہینے لگیں گے۔

جو صارفین نئے ڈیزائن کی طرف جلد جانا چاہتے ہیں وہ انتظار کی فہرست میں آنے کے لیے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

فیس بک پر تین بنیادی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔

پہلی یہ کہ ویب سائٹ تین کالم فارمیٹ سے دو کالم فارمیٹ پر منتقل ہو رہی ہے۔ جس سے مرکزی نیوز فیڈ کو پیج پر زیادہ جگہ ملے گی۔ جس سے تمام پوسٹس، چاہے وہ اپ ڈیٹس ہوں یا اشتہارات، سارے واضح نظر آئیں گے اور ویڈیو اور تصاویر زیادہ نمایاں ہونگی۔

دوسرا پیج کے بائیں طرف کالے بار کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں بْک مارکس، مخصوص دوستوں سے لنک، بات چیت ، کیلنڈر ٹولز اور براہ راست ٹیکر اپ ڈیٹ شامل ہیں۔

اور تیسری یہ ہے کہ معیاری نیوز فیڈ کے علاوہ صارفین متبادل فیڈ کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔ متبادل فیڈ میں ایک پوسٹ کے ذریعے تمام دوستوں کے اپ ڈیٹس، اداروں کے لیے مخصوس پوسٹس میں تمام فیڈ، وہ پیج جس پر صرف تصاویر پوسٹ ہوں اور صارفین کی جانب سے پسند کیے جانا والے میوزک کے پوسٹس دیکھے جا سکتے ہیں۔

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ فیس بْک نے اپنا لوگو’facebook‘ بھی ہٹایا دیا ہے اس کی جگہ ’f‘ لگایا گیا ہے۔

سرمایہ کاروں اور مارکیٹنگ کے لوگ اس بات کو جاننے کے لیے بے تاب ہونگے کہ آیا نئے تبدیلیوں سے صارفین پیج پر زیادہ آتے ہیں اور اسے زیادہ استعمال کرتے ہیں یا نہیں؟

نئے ڈیزائن میں کاروبار بڑھانے کے لیے مفید بات ہے کہ اگر ایک صارف ایک ادارے کو ’لائق‘ کرے تو اس نیوز کے پوسٹ کے ساتھ ادارے کے لوگو کے ساتھ ایک بینر پر تصویر بھی آجائے گی اور اس سے اپ ڈیٹ مزید نمایاں ہو جائے گی۔

ہین یان وانگ کنیکٹ ایڈورٹائزنگ میں سٹریٹیجک معاملات کے سربراہ نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ صارفین نئے ڈیزائن کے عادی ہو جائیں گے اور اشتہارات کی موجودگی کو قبول کر لیں گے۔

فیس بک نے رواں سال جنوری میں بتایا تھا کہ ہر ماہ ایک ارب سے زائد صارفین کم از کم ایک بار ان کی سروس کو استعمال کرتے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔