سونی کا نیا پلے سٹیشن لانچ کر دیا گیا

Image caption پی ایس 4 کے ڈیزائن کو اب تک خفیہ رکھا گیا تھا

سونی نے اپنا نیا گیمنگ کنسول متعارف کروایا ہے جس کا نام پلےسٹیشن 4 یا پی ایس 4 رکھا گیا ہے۔

اس ویڈیو گیمز مشین کے بہت سے فیچرز کا فروری میں اعلان کیا جا چکا تھا، لیکن کمپنی اس کی شکل و صورت کو اب تک خفیہ رکھا تھا جس کا انکشاف ای3 کانفرنس میں کیا گیا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مشین گیمز کھیلنے والوں کو ’بےمثال طاقت‘ فراہم کرے گا۔

گذشتہ مالیاتی سال میں سونی کے گیمنگ کے شعبے نے ساڑھے سات ارب ڈالر کی سیلز کیں، جو اس کی کل آمدنی کا تقریباً دس فیصد بنتا ہے۔

کمپنی نے اعتراف کیا ہے کہ اس کا ہینڈ ہیلڈ پی ایس ویٹا کنسول توقعات پوری کرنے میں ناکام رہا، جس سے پی ایس 4 پر کامیابی کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

مارکیٹ ریسرچ کمپنی آئی ڈی سی کے مطابق پلے سٹیشن 3 نے مائیکروسافٹ کے ایکس باکس کو عالمی ترسیلات میں پیچھے چھوڑ دیا تھا، تاہم ننٹنڈو وی فروخت کے لحاظ سے اس سے بھی آگے بڑھ گیا۔

پی ایس 4 کو مائیکروسافٹ کے ایکس باکس ون سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا ہو گا، جسے کمپنی نے ’آل ان ون‘ تفریحی نظام کے طور پر متعارف کروایا ہے۔ اس کے مقابلے پر سونی کا کہنا ہے کہ اس کے کنسول کی توجہ گیمرز پر مرکوز رہے گی۔

تاہم اس کے باوجود تعارفی تقریب میں سونی نے گیمز کا ذکر کرنے سے پہلے ویڈیو پروگرامنگ اور میوزک سروس پر روشنی ڈالنا مناسب سمجھی۔

سونی کا کہنا ہے کہ پی ایس 4 کے لیے 30 گیمیں تیار کی جا رہی ہیں، جن میں سے 20 کو پہلے سال میں پیش کر دیا جائے گا۔

وہ گیمیں جو صرف سونی کے پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی ان میں دی آرڈر: 1886 شامل ہے جو ایسی شوٹنگ گیم ہے جو 19ویں صدی کے ماحول پر مبنی ہے۔

اسی بارے میں