برلن اپنے نام کا ڈومین حاصل کرنے والا پہلا شہر

تصویر کے کاپی رائٹ alamy
Image caption ڈاٹ برلن ڈومین حاصل کرنے کے خواہشمند اس کے لیے سالانہ 30 سے 60 یورو ادا کریں گے

جرمنی کا شہر برلن اپنے نام کا انٹرنیٹ ڈومین حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا شہر بننے والا ہے۔

ڈی پی اے نیوز ایجنسی کے مطابق برلن میں قائم کمپنیاں اور وہاں کے رہائشی 18 مارچ سے اپنے انٹرنیٹ پتے کے آخر میں ڈاٹ برلن کا لاحقہ استعمال کر سکیں گے۔

یہ لاحقہ استعمال کرنے کی منظوری عالمی انٹرنیٹ نظام کی رابطہ کاری کرنے والی امریکی تنظیم آئی سی اے این این اور برلن کی انتظامیہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت دی گئی ہے۔

برلن کے بعد دنیا کے دیگر بڑے شہر مثلاً لندن، نیویارک، جوہانسبرگ اور جاپانی شہر ناگویا بھی اپنے نام پر مشتمل ڈومین متعارف کروائیں گے۔

ڈاٹ لندن کا لاحقہ رواں برس اپریل سے دستیاب ہوگا۔

عوام کے لیے اس قسم کے لاحقوں کی رجسٹریشن کا عمل رواں برس جولائی میں ہی شروع ہوگا۔

ڈاٹ برلن ڈومین کے منتظم ڈرک کرس چینووسکی کا کہنا ہے کہ ’ڈومین کو بیانیہ ہونا چاہیے اور یہ صرف مخفف ہی نہیں ہو سکتے۔‘

انھوں نے کہا کہ علاقے کی بنیاد پر بننے والے ڈومین انٹرنیٹ کے استعمال میں بنیادی تبدیلی کا باعث بن سکتے ہیں۔

ڈاٹ برلن ڈومین حاصل کرنے کے خواہشمند اس کے لیے سالانہ 30 سے 60 یورو ادا کریں گے اور اندازہ ہے کہ پہلے برس اس سے پانچ لاکھ یورو کی آمدن ہوگی۔

اسی بارے میں