لمبی داڑھی مردوں کی کشش میں کمی کا باعث

Image caption کلین شیو اور داڑھی والے چہرے دونوں ہی اس صورت میں زیادہ پرکشش ہو جاتے ہیں جب وہ نایاب ہوں

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ داڑھی جتنی زیادہ بڑھتی جاتی ہے، مرد اتنے ہی کم پرکشش ہوتے جاتے ہیں اور ان کی نسبت کلین شیو مرد زیادہ جاذبِ نظر دکھائی دیتا ہے۔

مطالعے کے دوران مرد و خواتین کو کلین شیو سے لے کر بڑھی ہوئی داڑھی کے تین مرحلوں کی تصاویر دکھائی گئی اور انھیں کشش کے اعتبار سے درجہ بندی کرنے کو کہا گیا۔

سائنسی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یہ بات بھی سامنے آئی کہ کلین شیو اور داڑھی والے چہرے دونوں ہی اس صورت میں زیادہ پرکشش دکھائی دیتے ہیں جب وہ نایاب ہوں۔

رنگ برنگی چھوٹی نر مچھلیوں کے رنگوں سے مادہ مچھلیاں متاثر ہوتی ہیں اور ان کی وجہ سے ان کی پسندیدگی بدلتی ہیں۔

یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز سائنس دانوں نے یہی اصول انسانوں میں مردوں کے چہرے کے بالوں پر آزمانے کا فیصلہ کیا اور اپنی فیس بک سائٹ ’دی سیکس لیب‘ میں رضا کاروں کو شامل کیا۔

مطالعے میں شامل پروفیسر راب بروکس کے خیال میں شاید لوگ جارج کلونی اور جیکوئن فونیکسز کی نقل کرتے ہوئے داڑھیاں رکھنے لگے ہیں لیکن جب ہر کوئی ایسا کرنے لگے گا تو شاید یہ فیشن اتنا پرکشش نہیں رہے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جارج کلونی اور بین ایفیلک کی داڑھیوں نے بھی اس فیشن کو ہوا دی ہے

داڑھیوں کی کشش میں کمی اس کی روایت کے زوال کی نشانی ہے۔ کئی پیشہ ور افراد جن میں بینکار، فلمی ستارے اور حتیٰ کہ فٹ بال کے کھلاڑی بھی چہرے کے بال بڑھانے لگے تھے۔

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ داڑھی کا فیشن جنوری میں اسی وقت ختم ہو گیا تھا جب بی بی سی نیوز نائٹ کے معروف میزبان جیرمی پیکسمین نے یہ کہتے ہوئی اپنی داڑھی صاف کروا دی کہ ’داڑھی سنہ 2013 کا انداز تھا۔‘

حالیہ مطالعے میں 1453 خواتین اور 213 مروں سے پوچھا گیا کہ وہ مردوں کے چہرے کے مختلف نمونوں کی درجہ بندی کریں۔

Image caption بی بی سی نیوز نائٹ کے معروف میزبان جرمی پیکسمین نے بھی جنوری میں اپنی داڑھی صاف کروا دی

بعض تصاویر میں مردوں کے چہروں پر مکمل داڑھی تھی، اور بعض میں کلین شیو چہرے تھے۔ ایک تیسرے گروہ کو چار مختلف اقسام کی داڑھیوں والے چہروں کی تصاویر دکھائیں۔

ان علاقوں میں جہاں داڑھی کا رواج کم تھا وہاں مردوں اور خواتین دونوں نے ہلکی اور مکمل گھنی داڑھی کو پرکشش قرار دیا۔

پسندیدگی کے اعتبار سے کلین شیو چہرے عام پائے جانے کی وجہ سے کم پرکشش لگے، تاہم جہاں یہ کم تھے وہاں انھیں پسند کیا گیا۔

سائنس دان اپنی تحقیق جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اب کی بار وہ یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ لمبائی کے اعتبار داڑھی کی مختلف اقسام میں سے لوگ کسے زیادہ پسند کرتے ہیں۔

اسی بارے میں