ٹوئٹر پر طنز کرنے والوں کی نگرانی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹینڈر کی تشہیر سیکرٹ سروس کی ویب سائٹ پر پچھلے ہفتے کی گئی تھی

امریکی سیکرٹ سروس نے ٹوئٹر پر طنز کرنے والوں کی نگرانی کرنے کے لیے ایک نئے سافٹ ویئر کی تلاش کا اشتہار جاری کیا ہے۔

سیکرٹ سروس نے اس سلسے میں اپنی ویب سائٹ پر اس ٹینڈر کی تشہیر بھی کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ انھیں سوشل میڈیا ڈیٹا کاجائزہ لینے کے لیے ایک عدد سافٹ ویئر درکار ہے جو ٹوئٹر پر طنز کرنے والوں کی نگرانی کی بھی صلاحیت رکھتا ہو۔

سی آئی اے سے تعلق رکھنے والے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ وہ صرف طنز کرنے والوں کی نگرانی کے لیے سافٹ ویئر نہیں ڈھونڈ رہے بلکہ ان کا مقصد سوشل میڈیا کی نگرانی کو آسان بنانا ہے اور طنز کرنے والوں کی نگرانی کرنا اس بڑے سے سافٹ ویئر کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہوگا۔ خیال رہے کہ مذکورہ ٹینڈر کی تشہیر امریکی سیکرٹ سروس کی ویب سائٹ پر پچھلے ہفتے سے کی گئی ہے جس میں اس سافٹ ویئر کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔ اس میں سوشل میڈیا کی نگرانی کرنے والے اس سافٹ ویئر کو انٹرنیٹ سے حاصل کیے گئے ڈیٹا کو خطے اور عمروں کے مطابق الگ الگ کر کے دکھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

ویب سائٹ پر یہ بھی درج ہے کہ یہ سافٹ ویئر مائیکروسافٹ انٹرنیٹ ایکسپلورر 8 پر چلنا چاہیے جو کہ پانچ سال قبل ریلیز ہوا تھا۔

واضح رہے کہ سیکرٹ سروس نے اپنی ویب سائٹ پر اس سافٹ ویئر کو استعمال کرنے کا مقصد تحریر نہیں کیا، تاہم ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ امریکہ اپنے رہنماؤں اور ملک میں آنے والی شخصیات کا تحفظ کرنے کے لیے اس سافٹ ویئر کو ضروری سمجھتا ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ کو ان کے جاسوس ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے دنیا میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کے نظام کی نگرانی کے پروگرام کا راز افشا کرنے کے بعد سے دنیا بھر سے کڑی تنقید کا سامنا ہے۔

سنوڈن گذشتہ برس جون میں امریکہ سے فرار ہو کر روس پہنچ گئے تھے۔ انھیں روسی حکام نے عارضی طور پر پناہ فراہم کی ہے اور وہ جولائی 2014 تک روس میں رہ سکتے ہیں۔

اسی بارے میں