بہتر نیند اور یاد داشت کے درمیان اہم تعلق ہے

تصویر کے کاپی رائٹ SPL
Image caption یہ عام معلومات ہے کہ نیند یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت میں اہم کردار ادا کرتی ہے لیکن دماغ میں حقیقتاً کیا ہوتا ہے اس کے بارے میں زبردست بحث رہی ہے

سائنسدانوں نے وہ نظام دریافت کیا ہے جس کے ذریعے رات کی نیند انسانی یادداشت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

چین اور امریکہ میں سائنسدانوں کی ٹیموں نے اعلیٰ سطح کی مائکروسکوپی کا استعمال کیا جس میں انھوں نے دماغ کے خلیوں کے درمیان کنیکشن دریافت کیے ہیں جو کہ نیند کے دوران بنتے ہیں۔

ان دونوں ٹیموں کا مطالعہ سائنس نامی جرنل میں شائع ہوا ہے اور اس میں یہ دکھایا گیا ہے کہ نیند کی کمی کی وجہ سے شدید قسم کی تربیت بھی ضائع ہوجتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شاندار اور اہم مطالعہ ہے جس سے یادداشت یا حافظہ کے نظام کا سربستہ راز کھلتا ہے۔

یہ عام معلومات ہے کہ نیند یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت میں اہم کردار ادا کرتی ہے لیکن دماغ میں حقیقتاً کیا ہوتا ہے اس کے بارے میں زبردست بحث رہی ہے۔

نیویارک یونیورسٹی سکول آف میڈیسن اور پیکنگ یونیورسٹی شنزن گریجویٹ سکول کے محققین نے چوہوں کو ایک نئی قسم کی تربیت دی جس کے تحت گردش کرتے ہوئے راڈ پر انھوں نے چلنا سیکھا۔

اس کے بعد انھوں نے اعلیٰ ترین قسم کے مائکروسکوپ سے ان کے دماغ کے اندر دیکھا کہ ان کے دماغ میں کیسے تغیرات رونما ہوتی ہیں جب وہ نیند میں ہوں یا نیند سے محروم ہوں۔

تصویر کے کاپی رائٹ spl
Image caption نیند کے دوران دماغ کے تار ایک دوسرے سے ایک قسم کا رشتہ قائم کرتے ہیں جو سیکھنے اور قوت حافظہ کے لیے ضروری ہیں

ان کے مطالعے میں یہ بات سامنے آئی کہ جب چوہے سو رہے تھے تو ان کے دماغ کے نیورانز کے درمیان بہت زیادہ تعلقات قائم ہو رہے تھے اور وہ زیادہ سیکھ رہے تھے۔

لیکن نیند کے مخصوص مرحلوں میں خلل ڈالنے سے محققین کو نیند کے گہرے اور ہلکے جھونکوں کا پتہ چلا جو یادادشت کی تعمیر کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

اس دوران ان کے دماغ میں دن میں کیے جانے والے عمل کو ’دہرایا‘ جا رہا تھا۔

نیویارک یونیورسٹی کے پروفیسر وان بیاؤگان نے بی بی سی کو بتایا کہ ’یہ معلومات نئی ہیں کہ نیند سے نیورونز کے درمیان نئے تعلقات قائم ہوتے ہیں اور اس سے قبل یہ بات کسی کو معلوم نہیں تھی۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا خیال تھا کہ اس (نیند) سے مدد ملتی ہے لیکن اس کے دوسرے اسباب بھی ہو سکتے ہیں لیکن ہم نے دیکھا کہ اس سے نئے تعلقات بنتے ہیں اور یہ کہ نیند میں دماغ خاموش نہیں رہتا وہ اسے دہرا رہا ہوتا ہے جو دن میں ہوا ہے اور تعلقات بنانے میں یہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔‘

واضح رہے کہ نیند کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے یہ سائنس کی تازہ ترین معلومات میں شامل ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Science Photo Library
Image caption ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارا سماج اچھی نیند کے فوائد سے لاپروا ہوتا جا رہا جس کے سبب متعدد قسم کی بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں

اس ضمن میں گذشتہ سال تجربات میں پتہ چلا تھا کہ نیند ناکارہ ٹاکسنز یا خراب اور زہر آلود مادوں کو دھو ڈالتی ہے جو دن میں بہت زیادہ غور و فکر کے نتیجے میں پیدا ہوتے ہیں۔

بہر حال یہاں یہ خدشہ ہے کہ لوگوں کو بقدر ضرورت سونے کا موقع نہیں مل پاتا ہے۔

نیند کی کمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں کینسر، دل کی بیماریاں، ٹائپ ٹو ذیابیطس، انفیکشن، موٹاپا وغیرہ شامل ہیں۔

اسی بارے میں