بلڈ ہاؤنڈ: ایک ہزار میل فی گھنٹہ کے سفر کی تیاری

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بلڈ ہاؤنڈ کے کٹ میں 3500 انفرادی پرزے ہیں جو صرف اسی کے لیے تیار کیے گئے ہیں

ایک برطانوی ٹیم ایک ایسی کار بنا رہی ہے جو 1610 کلومیٹر یا ایک ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکے گی۔

اس کار میں جنگی طیارے یورو فائٹر ٹائیفون کا انجن لگا ہوگا جو زمین پر رفتار کی ریکارڈ کو توڑ دے گا۔

بلڈ ہاؤنڈ نامی اس کار کو سنہ 2015 اور سنہ 2016 میں جنوبی افریقہ میں کیپ ٹاؤن کے ہاکسکین پان ٹریک پر چلایا جائے گا۔

زمین پر تیز ترین رفتار کا ریکارڈ رکھنے والے ونگ کمانڈر اینڈی گرین بلڈ ہاؤنڈ پراجیکٹ پر اپنے کام کے تجربات پر مبنی بی بی سی کے لیے ڈائری لکھ رہے ہیں۔

برطانوی شہر برسٹل میں بلڈ ہاؤنڈ سینٹر میں دنیا کی پہلی 1000 میل فی گھنٹہ کی رفتار والی کار کی تیاری کا کام جاری ہے۔

کار پر کام گذشتہ سال اس کے نچلے حصے میں لگنے والے چیسس کی تیاری سے شروع ہوا۔ ہم اب چیسس پر ہائڈرالکس، برقی آلات، گیئر بوکس اور دیگر حصے لگا رہے ہیں۔

میں جب بھی اس کے بنانے کے عمل کو دیکھتا ہوں تو صرف اس کام کی پیچیدگی پر ہی دنگ رہ جاتا ہوں۔

ایسا تصور کریں کہ آپ ایک طیارے کا ایئر فلیکس پلاسٹک ماڈل کِٹ بنا رہے ہیں وہ بھی ایک بہت بڑا۔ دی گئی ہدایات کے مطابق اس میں پلاسٹک کے سینکڑوں حصوں کو مخصوص طریقے سے لگانا پڑتا ہے تاکہ یہ صحیح ترتیب سے جڑ جائیں۔

پھر یہ تصور کریں کہ آپ کو یہ کِٹ نئے سرے سے ڈایزائن کرنا ہے، پلاسٹک کے تمام حصے تیار کرنے ہیں اور اس کو جوڑنے کے لیے ہدایات بھی لکھنی ہیں۔

یہ ایک سست رفتار اور پیچیدہ عمل ہوگا۔

اب بلڈ ہاؤنڈ ایس ایس سی پر غور کریں جو کہ ایک بہت بڑی اور پیچیدہ کِٹ ہے جو آپ صرف تصور کر سکتے ہیں۔ اس میں ساڑھے تین ہزار انفرادی پرزے ہیں جو صرف بلڈ ہاؤنڈ کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

اس تعداد میں ان پرزوں کو لگانے اور جوڑنے کے لیے استعمال ہونے والے پیچ وغیرہ شامل نہیں ہیں۔ چیسس کے صرف اوپر والے حصے میں 11 ہزار پیچ لگے ہیں۔

جب یہ گاڑی مکمل ہو جائے گی تو اسے بہت بڑے طاقتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایرو ڈائنیمکس ایک مربع میٹر پر 12 ٹن وزن کے برابر دباؤ ڈالتا ہے جبکہ نامو ہائبرڈ راکٹ کے سٹارٹ ہونے کے دوران درجۂ حرارت تین ہزار سنٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے جو آتش فشاں کے درجۂ حرارت سے دگنا ہے۔

بلڈ ہاؤنڈ کی کِٹ بنانے کے لیے ہم معیاری مواد اور تکنیکی طریقۂ کار استعمال کر رہے ہیں تاکہ زمین پر رفتار کی ریکارڈ کی تاریخ میں تیز ترین، مضبوط ترین اور سب سے نفیس کار تیار کی جا سکے۔

ہم ایک ہر لحاظ سے بہترین اور مکمل کار کی تیاری چاہتے ہیں اور اسے حاصل کرنے کے لیے آئندہ نو مہینوں کے دوران ورکشاپ کی ٹیم اس گاڑی کو کئی دفعہ شروع سے تیار کرے گی۔ کار کا ہر حصہ چیک کیا جائے گا تاکہ اس کے پرزے مکمل طور پر صحیح انداز میں لگ جائیں اور پھر اس حتمی تیاری ہو۔

اسی بارے میں