سینسر سے سرطان، عارضہ قلب کی جلد تشخیص پر کام شروع

تصویر کے کاپی رائٹ d
Image caption گوگل کی کوشش ہے کہ وہ خون کی مسلسل جانچ کرتا رہے تاکہ کسی قسم کی تبدیلی کی نشاندہی پر اس کے اثرات مرتب ہونے سے قبل اس کا علاج کیا جا سکے

گوگل ایک ٹیکنولوجی پر کام کر رہا ہے جس سے کینسر، دل کا دورہ، سٹروکس اور دیگر بیماریوں کی تشخیص اثرات مرتب ہونے سے قبل کی جا سکے گی۔

گوگل کا کہنا ہے کہ ٹیکنولوجی کے ذریعے مرض کی تشخیص سے متعلق نینو پارٹیکلز کو کلائی پر پہنے ایک سینسر سے ملائے گی۔

اس ٹیکنولوجی کے ذریعے انسان کی حیاتیاتی کیمی میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی نشاندہی کی جائے جس سے کسی مرض کی جلد تشخیص ممکن ہو گی۔

اس ٹیکنولوجی پر کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔

کسی بھی مرض کے علاج کے لیے اہم چیز اس کی جلد تشخیص کرنا ہے۔ بہت سے بیماریاں ایسی ہیں جیسے کے پتے کا سرطان جس کی نشاندہی اس وقت ہوتی ہے جب اس کا علاج ممکن نہیں ہوتا۔

گوگل کی کوشش ہے کہ وہ خون کی مسلسل جانچ کرتا رہے تاکہ کسی قسم کی تبدیلی کی نشاندہی پر اس کے اثرات مرتب ہونے سے قبل اس کا علاج کیا جا سکے۔

یہ ریسرچ گوگل کی ریسرچ کمپنی گوگل ایکس کر رہی ہے۔

گوگل حال ہی میں صحت کے شعبے میں کام کرنے لگی ہے۔ اس نے حال ہی میں کونٹیکٹ لیز بنائے ہیں جو ذیابیطس کے مریضوں کے خون میں گلوکوز کی مقدار کی نشاندہی کرتے ہیں۔

اس ریسرچ کی سربراہی ڈاکٹر اینڈریو کونریڈ کر رہے ہیں جنھوں نے ایچ آئی وی کا سستا ٹیسٹ بنایا تھا جس کو بڑی تعداد میں استعمال کیا گیا۔

گوگل نے اس سے قبل بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑی اور پراجیکٹ لون کا آغاز کیا ہے۔ پراجیکٹ لون میں بیلون کے ذریعے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی رسائی ممکن بنانا ہے۔

اگرچہ ایسے پراجیکٹ کافی اہم ہیں لیکن ان کی ناکامی کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ گوگل ایکس اس بات کا اعتراف کر چکی ہے کہ کئی ایسے پراجیکٹ شروع کیے گئے جن کو بعد میں بند کردیا گیا کیونکہ ان میں کامیابی حاصل نہیں ہو رہی تھی۔

سی ایم ریسرچ کے سائرس کا کہنا ہے ’عمومی طور پر یہ ایسا پراجیکٹ ہے جس میں سرمایہ کار رقم لگانے سے ہچکچاتا ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ بہت طویل عرصے کے ہوتے ہیں اور ناکامی کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔‘

بی بی سی کے ہیلتھ ایڈیٹر جیمز گیلاگر کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سرچ کرنے سے خون کو سرچ کرنا ایک بہت بڑا قدم ہے اور گوگل نے اپنے اہداف بہت بلند رکھے ہوئے ہیں۔ لیکن کیا یہ ممکن ہے؟