فِٹ رہنے کے چور راستے ۔۔۔

Image caption کیا گھریلو کام ورزش کا نعم البدل ہو سکتا ہے؟

مائیکل موزلے کہتے ہیں کہ ہر کوئی جِم نہیں جا سکتا لیکن اگر ہم روز مرہ کے معمولی کام کرتے رہیں تو بھی چاق و چوبند رہ سکتے ہیں۔

مثلاً آپ یہ کالم کھڑے ہو کر یا کمرے میں چہل قدمی کرتے ہوئے پڑھ سکتے ہیں، لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ ہم میں سے بیشتر لوگ زیادہ وقت بیٹھ کر سکرینوں کو گھورتے رہنے میں گزارتے ہیں۔

’گھریلو کام ورزش کا نعم البدل نہیں‘

عموماً ہم گاڑی پر سفر کرتے ہیں، پیدل سفر اور سیڑھیوں سے بچتے ہیں اور اپنے ساتھ دفتر میں کام کرنے والوں کو ای میل کر دیتے ہیں، بجائے اس کے کہ تھوڑا دور چل کر ان تک جائیں اور روبرو بات کر لیں۔ ہم ایک سُست نسل ہیں اور ورزش نہ کرنے کی ایک عام وجہ وقت کی کمی کو قرار دیتے ہیں۔

سوال یہ ہے کہ کتنی ورزش کافی ہے۔ کئی طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں درمیانے درجے کی جسمانی حرکت کے کم سے کم 150 منٹ، اور سخت محنت کے 75 منٹ کافی ہوتے ہیں۔ کسی بھی طرح کی حرکت فائدہ دے سکتی ہے لیکن اسے درمیانہ، شدید یا انتہائی شدید ہونا ضروری ہے اور اسی وجہ سے آپ دل کی بیماریوں، کینسر اور موٹاپے کے خطرے سے بچ سکتے ہیں۔

ورزش کا متبادل

Image caption ٹیلی وژن دیکھتے ہوئے صرف ایک میٹ توانائی صرف ہوتی ہے

اگر آپ کو جِم جانے یا کھیلوں میں حصہ لینے کا شوق نہیں تو کیا روز مرہ کے کام ان کا نعم البدل ہو سکتے ہیں؟

یہ جاننے کے لیے بی بی سی کے پروگرام ’ٹرسٹ می آئی ایم اے ڈاکٹر‘ (مجھ پر بھروسہ کرو، میں ڈاکٹر ہوں) کی ٹیم نے آٹھ رضا کاروں کی مدد حاصل کی۔

یہ تمام رضا کار مختلف قد اور جسامت کے تھے اور انھیں مختلف کام دیے گئے۔ انھیں گھر کے اندر اور باہر مختلف کام کرنے کو کہا گیا۔

اس مشاہدے کا آغاز گھر کے چار معمول کے کاموں سے کیا گیا جن میں استری کرنا، ویکیوم کرنا، جھاڑ پونچھ اور پونچا لگانا شامل ہیں۔

رضاکاروں کی جانب سے کام کے خاتمے کے بعد سائنس دان اینڈی بیلینن نے اعداد وشمار اکٹھے کیے اور ایم ای ٹی (میٹ) طریقۂ کار کے تحت ان کی ایک سے دس تک درجہ بندی کی۔

میٹ فی گھنٹہ استعمال ہونے والے توانائی کا پیمانہ ہے۔ میٹ کی پیمانے کے درجۂ اول کے مطابق خرچ ہونے والی توانائی اتنی ہوتی ہے جتنی آپ ٹیلی وژن دیکھتے ہوئے صرف کرتے ہیں۔

ہر وہ کام جس میں تین سے زیادہ سکور ملے وہ درمیانے درجے کی حرکت کہلائے گی اور چھ سے زیادہ سکور کا مطلب ہے کہ اس میں شدت شامل ہے۔

استری کرنا اور جھاڑ پونچھ نے درمیانے درجے کا میٹ سکور حاصل کیا۔ استری کو 1.3 اور جھاڑ پونچھ کو 1.5 سکور ملا۔

ویکیوم اور پونچا لگانے نے بمشکل تین میٹ سکور حاصل کیا اور یہ بھی درمیانے درجے کی ورزش قرار پائے۔ لیکن پھر بھی یہ کام کرتے ہوئے ان رضا کاروں نے صرف بیٹھے رہنے کے مقابلے میں تین گنا زیادہ توانائی خرچ کی۔

اس کے بعد گھر سے باہر کے کاموں پر صرف ہونے والی توانائی کا اندازہ لگانے کے لیے رضاکاروں کو گاڑی دھونے، کھڑکیاں صاف کرنے، صحن میں گھاس کی کٹائی اور پھول پودے لگانے جیسے کام دیے گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Science Photo Library
Image caption روزانہ کم سے کم 6 منٹ تیز چلنا بھی کافی ہے

ان تمام کاموں نے تین میٹ سکور کی حد عبور کی۔ کھڑکیوں کی صفائی میں سب سے کم توانائی صرف ہوئی، اس کا سکور 3.1 تھا، اس کے بعد پودے لگانے 3.4، گاڑی دھونے نے 3.6 اور لان کی دیکھ بھال نے سب سے زیادہ 4.4 سکور حاصل کیا۔

روزانہ کم سے کم چھ منٹ تک تیز چلنے سے 3.4 میٹ سکور حاصل ہوتا ہے یعنی آپ ہفتے میں بِنا کوئی خاص محنت کیے 150 منٹ تک ورزش کر سکتے ہیں۔

کئی دوسرے گھریلو کام بھی زیادہ شدت والے کاموں میں آتے ہیں جیسا کہ فرش اور باتھ ٹب رگڑ کر صاف کرنا 6.5، جبکہ بھاری فرنیچر کو حرکت دینا 5.8 شامل ہیں۔

اگر آپ صفائی سے زیادہ رقص کر کے فعال رہنا چاہتے ہیں تو آپ 7.8 میٹ سکور حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم جنسی عمل کے باعث بدقسمتی سے صرف 2.8 کا مایوس کن سکور ہی حاصل ہوتا ہے۔

آپ جو بھی کام چنیں، اسے محض ایک دو دن پر محدود نہ رکھیں بلکہ اسے پورے ہفتے کے دوران کریں۔ اینڈی کا کہنا ہے کہ ’ہم جانتے ہیں کہ بعض ورزشوں کے نتائج محض 12 یا 24 گھنٹوں تک رہتے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ انھیں روزانہ کیا جائے۔‘

اسی بارے میں