بیجنگ میں ریل میں مفت ای بکس

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ریل گاڑی کے مسافر اپنی ڈیوائس پر ڈبے کی دیواروں پر لگے بارکوڈ سکین کر کے کتاب پڑھ سکتے ہیں

چینی شہر بیجنگ کی زیرِ زمین ریل گاڑیوں میں سفر کرتے وقت مسافروں کو وقت گزارنے کے لیے مفت الیکٹرانک لائبریری کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

چین کے بی ٹی وی نے خبر دی ہے کہ شہر کی میٹرو کی لائن نمبر چار کے ڈبوں میں بارکوڈ لگائے گئے ہیں جنھیں مسافر اپنے سمارٹ فون یا ٹیبلٹ سے سکین کر سکتے ہیں۔

اس طرح وہ دس کتابوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جو ہر دو ماہ بعد بدلتی رہیں گی۔

ابتدائی کتابیں روایتی کلاسیکی کتابیں ہیں۔

بلدیہ کے ترجمان رونگ جن نے کہا: ’میرا خیال ہے کہ ہم نے روایتی ثقافت کو زیادہ مقبول بنانے کا ایک زبردست، موثر اور آسان طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔‘

حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے لوگوں کو کتابیں پڑھنے کی ترغیب ملے گی۔ جن مسافروں کا انٹرویو کیا گیا وہ بھی اس پیش رفت سے خوش نظر آئے۔

ایک مسافر نے کہا: ’یہ بہت دلچسپ ہے، آپ روایتی چینی ثقافت کے بارے میں جان سکتے ہیں۔‘

ایک اور شخص نے کہا کہ اس طرح مسافر سفر کے دوران مصروف رہیں گے: ’اکثر ریل گاڑی میں خاصی دیر تک بیٹھنا پڑتا ہے۔ اب آپ بارکوڈ سکین کر کے کتابیں پڑھ سکتے ہیں، جو بہت اچھی بات ہے۔ اگر آپ محض ورق گردانی کرتے رہیں، تب بھی یہ بہت اچھی بات ہے۔‘

اسی بارے میں