ملائیشا ایئر لائن کی سرکاری ویب سائٹ ہیک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption پیر کی صبح اس ائیر لائن کا مرکزی صفحے پر یہ الفاظ دیکھے گئے ’ 404 جہاز دستیاب نہیں ہے‘

’لیزرڈ سکواڈ، آفیشل سائبر خلافت‘ کے نام سے ہیکرز کے ایک گروپ نے ملائیشا ایئر لائن کی سرکاری ویب سائٹ کو ہیک کر لیا ہے۔

سرکاری ایئر لایئز کے صفحۂ اول پر ایک تصویر نمایاں ہے جس میں ایک چھپکلی کوٹ اور ٹوپی پہنے ہوئے ہے۔

ملائیشیا ایئر لائن نے تسلیم کیا ہے کہ اس کی ویب سائٹ پر حملہ کیا گیا ہے تاہم صارفین کی ٹکٹیں اور بکنگ کا ڈیٹا متاثر نہیں ہوا۔

ملائیشیا کی قومی ایئر لائن پہلے ہی دو بڑے حادثات سے سنبھل رہی ہے جن میں ایم ایچ 370 کی گمشدگی اور ایم ایچ 17 کی تباہی شامل ہے۔

پیر کی صبح اس ایئر لائن کا مرکزی صفحے پر یہ الفاظ دیکھے گئے ’ 404 جہاز دستیاب نہیں ہے‘ اور ’ہیکڈ بائی لیزرڈ سکواڈ‘۔

ابتدا میں براؤزر ٹیب میں ’آئی ایس آئی ایس‘ کے الفاظ بھی دیکھے جا سکتے تھے تاہم اب یہ غائب ہو گئے ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ ملائیشیا ایئر لائن کی سائٹ کو کیوں نشانہ بنایا گیا اور ہیکرز کا دولتِ اسلامیہ کے ساتھ کیا تعلق ہے۔

لیزرڈ سکواڈ نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ وہ ملائیشین ایئر لائنز کا ڈیٹا عام کریں گے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ کس قسم کی معلومات ظاہر کی جائیں گی۔

ملائیشین ایئر لائنز نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ اس کے ڈومین نیم کے ساتھ مسئلہ ہوا تھا جس کی وجہ سے صارفین ہیکرز کی ویب سائٹ کی جانب ری ڈائریکٹ ہو جاتے تھے۔ لیکن اس کا کہنا ہے کہ ویب سرورز محفوظ ہے اور اسے ہیک نہیں کیا گیا۔

بیان کے مطابق ’اس عارضی خلل سے صارفین کی بکنگ متاثر نہیں ہوئی اور صارفین کا ڈیٹا محفوظ ہے۔ بیان کے مطابق 22 گھنٹوں میں ویب سائٹ بحال کر دی جائے گی۔

لیزرلا سکواڈ نامی ہیکرز گروپ نے اس سے پہلے سونی اور مائیکرو سافٹ کے آپریشنز میں خلل ڈالنے کا بھی دعویٰ کیا تھا جس کی وجہ سے کرسمس کے موقعے پر صارفین کی ایکس باکس لائیو اور پلے سٹیشنز پر رسائی محدود ہو گئی تھی۔

اسی بارے میں