نئی کار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرنے دے گی

تصویر کے کاپی رائٹ FORD
Image caption ڈرائیور کے پاس مقررہ حد رفتار سے صرف 8 کلومیٹر تیز گاڑی چلانے گنجائش ہو گی

امریکی کمپنی فورڈ ایک ایسی کار فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جو سڑکوں پر رفتار کی وارننگ دیکھ کر خود ہی اپنی رفتار کم کر دیں گی۔

فورڈ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے ڈرائیور جرمانے سے بچ جائیں گے اور حادثات بھی کم ہوں گے۔

فورڈ کی رفتار پر نظر رکھنے والی ٹیکنالوجی اگست میں یورپ میں متعارف کرائی جانے والی دوسری جنریشن کی کار S-Max میں دستیاب ہو گی۔

امریکی کار کمپنی کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کو دنیا بھر کے دیگر ماڈلز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انٹیلیجنٹ سپیڈ لیمٹر نامی اس ٹیکنالوجی میں کار خود بریک استعمال کرنے کی بجائے انجن کو ایندھن کی سپلائی کم کر دے گی۔

اس میں گاڑی کے پہیوں میں نصب سینسرز کی مدد سے رفتار کا اندازہ ہو گا اور پھر اس کی مدد سے سافٹ ویئر رفتار کی حد کو دیکھتے ہوئے بریک لگانے کی بجائے انجن کو ایندھن کی سپلائی کم کر دے گا۔

اس میں گاڑی کی ونڈ سکرین میں ٹریفک نشانات دیکھنے کا سسٹم نصب ہو گا جس میں سڑک پر دیکھنے والا ایک کیمرہ ڈرائیور کو حد رفتار کے بارے میں خبردار بھی کرے گا اور یہ وراننگ ڈیش بورڈ ڈسپلے میں نظر آئیں گی۔

فورڈ کمپنی کے مطابق برطانیہ میں سال 2013 میں 15 ہزار ڈرائیورز کو حد رفتار سے زیادہ تیز ڈرائیونگ کرنے پر جرمانے ہوئے۔

اسی بارے میں