لینووو کا پروجیکٹر والا موبائل فون

تصویر کے کاپی رائٹ lenovo
Image caption لیزر پروجیکٹر کی مدد سے فون میں موجود تصاویر اور ویڈیوز کو دیواروں پر بھی دیکھا جا سکے گا

چین کی بڑی الیکٹرونک کمپنی لینووو نے ایک ایسا موبائل فون متعارف کرایا ہے جس میں پہلے سے لگے لیزر پروجیکٹر کی مدد سے ورچول ڈسپلے اور کی بورڈ کی سہولت دستیاب ہوں گی۔

اس انٹریکٹیو ڈسپلے کی مدد سے فون کے ڈسپلے کو کسی بھی سطح پر نہ صرف دیکھا جا سکے گا بلکہ اسے استعمال بھی کیا جا سکے گا۔ اس کی مدد سے کمپیوٹر کے سائز کا کی بورڈ اور پیانو کیز بھی دیکھی جا سکیں گی۔

لیزر پروجیکٹر کی مدد سے فون میں موجود تصاویر اور ویڈیوز کو دیواروں پر بھی دیکھا جا سکے گا۔

سمارٹ کاسٹ نامی اس فون اور ایک نئی سمارٹ گھڑی کو بیجنگ میں ٹیک ورلڈ کانفرنس میں متعارف کرایا گیا۔

لینووو کا کہنا ہے کہ لیزر پروجیکٹر کو دیواروں اور دوسری ہموار سطح پر تیز رنگوں والی تصاویر کو پیش کرنے کے لیے فوکس کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

ایک وڈیو کے ذریعے سمارٹ کاسٹ فون کا ان خصوصیات کے ساتھ کام کرتے دکھایا گیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے اس فون کا لینز گھوم کر دیوار سے ’سرفیس موڈ‘ کے ذریعے میز کے اوپر ڈسپلے کرتا ہے۔

اس فون کے پیچھے ایک سٹینڈ لگایا گیا ہے جو اسے ورچول کی بورڈ کے استعمال کے دوران سیدھا رکھتا ہے۔

ٹیک ورلڈ کانفرنس میں چین کے پیانو نواز فن کار لینگ لینگ نے اس فون کے ورچول کی بورڈ کے ذریعے پیانو پر دھن بجائی۔

تصویر کے کاپی رائٹ lenovo
Image caption ٹیک ورلڈ میں متعارف کرائی جانے والی لینووو کی سمارٹ گھڑی جسے ’میجک ویو‘ کا نام دیا گیا ہے

گیجٹ ویب سائٹ کے مدیر مائک لو کا کہنا ہے کہ انھی خصوصیات کے ساتھ متعارف کرائے گئے دوسرے موبائل فونز کے مقابلے میں اس فون پر ورچول کی بورڈ کو استعمال کرتے ہوئے بہت کم تاخیر ہوتی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ’یہ دلچسپ ہے لیکن دوسری جانب یہ عجیب بھی ہے۔ پہلی بار استعمال کرنے والوں کے لیے اس کو استعمال کرنا مشکل ہو گا کیونکہ اتنے بڑے کی بورڈ پر صحیح طرح کام کرنا مشکل ہے۔ اس فون کا مظاہرہ کم روشنی والے کمرے میں کیا گیا ہے۔‘

ٹیک ورلڈ میں لینووو نے ایک ’سمارٹ‘ گھڑی بھی متعارف کروائی جسے ’میجک ویو‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں دو سکرینیں لگی ہوئی ہیں۔

اس گھڑی میں لگی ہوئی دو سکرینوں میں سے ایک سکرین کو کوئی بھی دیکھ سکتا ہے اور دوسری سکرین کا کمال یہ ہے کہ اسے تبھی دیکھا جا سکتا ہے جب اسے ایک خاص زاویے میں چہرے کے قریب کیا جائے۔

اسی بارے میں