خواتین کی ’ویاگرا ‘کو اجازت ملنےکا امکان

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے 2010 میں فلبانسیرن کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا

امریکی حکومت کے ایک پینل نے ملک میں ادویات کےریگولیٹری ادارے، فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو فلبانسیرن یا ’فی میل ویاگرا‘ کےنام سے جانی جانے والی دوا کے استعمال کی اجازت دینے کی سفارش کی ہے۔

البتہ ماہرین نے استعمال کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ دوا کے استعمال کرنے والوں کو اس کے ممکنہ ذیلی اثرات کے بارے میں واضح انداز میں خبردار کیا جانا چاہیے۔ فلبانسیرن کے استعمال سے انتہائی تھکاوٹ، غنودگی اور چکر آ سکتے ہیں۔

خواتین کی ’ویاگرا‘ کی کہانی ہے کیا؟

فلبانسیرن کے استعمال کے اجازت دینے کا حتمی فیصلہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنٹریشن کے ہاتھ میں ہیں جو عام طور پر اپنے ماہرین کی رپورٹ کو مان لیتی ہے۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے 2010 میں فلبانسیرن کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

فلیبانسیرن کو مانع افسردگی (اینٹی ڈیپریسنٹ) دوا کے طور پر تیار کیا گیا تھا لیکن وہ اپنے مقصد میں کامیاب میں نہیں رہی۔ لیکن اس کے كلینیكل ٹرائل میں شامل عورتوں میں ایک دلچسپ سائیڈ ایفیکٹ یا ذیلی اثر دیکھا گیا کہ عورتوں کی جنسی تعلقات میں دلچسپی بڑھنے لگی۔

تصویر کے کاپی رائٹ unknown
Image caption فلیبانسیرن وہ دوا ہے جسے ’فیمیل ویاگرا‘ کا نام دیا گیا ہے

یہ دوا دماغ میں ڈوپامائن، نارایڈرینالین اور سیروٹونن کو متوازن کرنے کا کام کرتی ہے۔

مردوں کے لیے جنسی مسائل کے لیے استعمال ہونے والی دوا ’ویاگرا ‘ کی بھی ایسی ہی کہانی ہے۔ ویاگرا کو دل کے امراض کے لیے بنایاگیا تھا لیکن اس کے کلینکل ٹرائلز میں پتہ چلا کہ یہ دل کے امراض کے لیے موثر ثابت نہیں ہوئی لیکن اس کو استعمال کرنے والے مردوں کے جنسی مسائل کافی حدتک حل ہوگئے۔

فلیبانسرن کو استعمال کرنے والی امانڈا پیرش کا کہنا ہے کہ اس دوا نے ان کے رشتے کو ختم ہونے سے بچا لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ دوا کے استعمال کے بعد سے اپنے شوہر کی قربت کی متمنی ہیں۔

عورتوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ’ایون سکور‘ نے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن پر جنسی تعصب کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسی ادارے نے مردوں کی جنسی بیزاری سے متعلق دوا کی تو اجازت دے دی لیکن عورتوں کے بارے میں ایسی دوا کو اجازت مانگی گئی تو اس نے انکار کر دیا۔

یہ دوا سپروٹ فارماسیوٹیکل نے تیار کی ہے۔

اسی بارے میں