برطانیہ: چینی والی مشروبات پر اضافی ٹیکس کی تجویز

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صارفین کی حوصلے شکنی کے لیے کم از کم 20 فیصد ٹیکس لگانا پڑے گا

برطانوی میڈیکل اسوسی ایشن نے حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ موٹاپے سے نمٹنے کے لیے زیادہ چینی والی مشروبات پر 20 فیصد اضافی ٹیکس لگا دیا جائے۔

تنظیم کے اندازے کے مطابق موٹاپا برطانیہ میں سالانہ 70000 قبل از وقت اموات کا سبب بنتا ہے۔

غیر صحت مندانہ خوراک کے حوالے سے ایک رپورٹ میں تنظیم نے کہا ہے کہ اس ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم سے پھلوں اور سبزیوں پر سبسڈی دی جانی چاہیے۔

ادھر فوڈ اینڈ ڈرنک فڈریشن کا کہنا ہے کہ اس ٹیکس سے لوگوں کی عادات پر اثر نہیں پڑے گا۔

زیادہ چینی کے استعمال کے انسانی صحت پر منفی اثرات جن میں لوگوں کے دانتوں کا خراب ہونا سے لے کر ٹائپ ٹو ذیابطیس تک شامل ہیں، ان کے حوالے سے کافی تشویش پائی جاتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 330 ملی لیٹر کے ایک کین میں نو چمچ چینی تک پائی جا سکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میسکو میں ایسے ہی ٹیکس لگانے کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صارفین کی حوصلے شکنی کے لیے کم از کم 20 فیصد ٹیکس لگانا پڑے گا۔ اتنے ٹیکس کا مطلب ہے کہ موجودہ 65 پینس والا کین 78 پینس کا ہو جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق پھلوں اور سبزیوں پر سبسڈی دینے کا مقصد ایک ایسا ماحول تیار کرنا ہے جہاں آپ کی آخری آپشن ایک صحت مند خوراک ہو۔

برطانوی میڈیکل اسوسی ایشن کی ڈاکٹر شری دتہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’میرے خیال میں یہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جو بڑھتے ہوئے موٹاپے سے بالکل ظاہر ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہمیں احساس بھی نہیں ہو رہا کہ توقعات کے مطابق سنہ 2030 تک برطانیہ کی 30 فیصد آبادی موٹاپے کا شکار ہوگی۔ ہم میں سے زیادہ تر کو یہ معلوم ہی نہیں کہ ہم روزانہ کتنی چینی کا استعمال کرتے ہیں۔‘

حکومت کی جانب سے اب تک اس معاملے کے حل کے لیے خوراک بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے ان سے رضاکارانہ طور چینی کی مقدار کم کروانے کی کوشش رہی ہے۔

ایک حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں میں موٹاپا سے نمٹنا اس حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’اس مسئلے کا کوئی آسان اور فوری حل نہیں مگر ہم خوراک کی صنعت کی جانب سے اپنی تیار کردہ اشیا میں چینی کے تناسب میں کمی دیکھنا چاہتے ہیں۔‘

اسی بارے میں