’زیادہ کام کرنے والوں کو فالج کا زیادہ خطرہ‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ماہرین کے مطابق جو لوگ زیادہ دیر تک کام کرتے ہیں انھیں اپنا بلڈ پریشر چیک کرتے رہنا چاہیے

ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ زیادہ کام کرتے ہیں انھیں فالج ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے پانچ لاکھ افراد کا تجزیہ کیا گیا۔

لینسٹ میڈیکل جرنل میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ روایتی اوقات صبح 9 سے شام 5 بجے تک کے علاوہ کام کرتے ہیں انھیں فالج ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

یہ معلومات غیر یقینی ہیں لیکن تحقیق کے مطابق تناؤ والے کام آپ کی زندگی پر تباہ کن اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق جو لوگ زیادہ دیر تک کام کرتے ہیں انھیں اپنا بلڈ پریشر چیک کرتے رہنا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق ہفتے میں 35 سے 40 گھنٹے کام کرنے والوں کے مقابلے میں 48 گھنٹے کام کرنے والوں میں یہ خطرہ 10 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح 54 گھنٹے کام کرنے والوں میں 27 فیصد اور 55 گھنٹوں سے زائد کام کرنے والوں میں اس کا خطرہ 33 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

لندن کالج یونیورسٹی کے ڈاکٹر میکا کیویماکی کا کہنا ہے کہ 35 سے 40 گھنٹے کام کرنے والے گروپ میں دس سال کے دوران ایک ہزار افراد میں سے پانچ سے بھی کم افراد کو فالج ہوا۔

55 یا اس سے زائد گھنٹے کام کرنے والےگروپ میں دس سال کے عرصے میں ایک ہزار افراد میں سے چھ لوگوں کو فالج ہوا۔

ڈاکٹر میکا نے تسلیم کیا کہ یہ تحقیق ابھی ’ابتدائی مراحل‘ میں ہے۔

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ زیادہ کام کرنے سے ذہنی دباؤ یا طویل بیٹھک صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور اس سے فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تاہم جن دفاتر میں صحت بخش کھانے اور کھانے کے لیے وقت نہیں ہے یہ بھی ایک خطرے کا نشان ہے۔

ڈاکٹر میکا نے بی بی سی کو بتایا کہ ’لوگوں کو صحت مند زندگی گزارنے کے لیے زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ان کا بلڈ پریشر نہ بڑھ پائے۔‘

فالج کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے ڈاکٹر شمیم قادر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’طویل وقت تک کام کرنے کے لیے زیادہ دیر تک بیٹھنا پڑتا ہے جس کے باعث خود کی دیکھ بھال کے لیے وقت نکالنا مشکل ہوتا ہے اور اس سے ذہنی دباؤ بڑھتا ہے۔‘

’ہم آپ کو مشورہ دیتے کہ باقاعدگی سے بلڈ پریشر چیک کریں اور اگر آپ فالج کے خطرے کے بارے میں زیادہ فکر مند ہیں تو اپنے ڈاکٹر یا ماہر صحت سے وقت لے کر ملاقات کریں۔‘

اسی بارے میں