فیس بک: ایک دن میں ایک ارب صارفین

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جمعرات کو اپنی ایک پوسٹ میں اُنھوں نے پیش گوئی کی کہ فیس بُک کے صارفین کی تعداد مزید بڑھتی رہے گی

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’فیس بُک‘ کے سربراہ مارک زکربرگ کے مطابق پہلی بار ایک دن میں فیس بُک استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔

انھوں نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ فیس بُک نے یہ ’سنگِ میل‘ پیر کو عبور کیا: ’جب دنیا میں رہنے والے ہر سات افراد میں سے ایک صارف نے اپنے خاندان اور دوستوں سے رابطے کے لیے فیس بُک کا استعمال کیا۔‘

ایک ماہ میں کم از کم ایک بار فیس بُک استعمال کر نے والے فیس بُک صارفین کی تعداد تقریباً ڈیڑھ ارب ہے لیکن ایک دن میں ایک ارب صارفین کا فیس بُک استعمال کرنا بہت اہم پیش رفت ہے۔

اکتوبر سنہ 2012 میں سماجی رابطوں کی اس ویب سائٹ کے صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچ گئی تھی۔

جمعرات کو اپنی ایک پوسٹ میں اُنھوں نے پیش گوئی کی کہ فیس بُک کے صارفین کی تعداد مزید بڑھتی رہے گی۔

مارک زکر برگ نے لکھا کہ ’ہم نے پہلی مرتبہ یہ سنگِ میل عبور کیا ہے اور یہ پوری دنیا کو ملانے کا صرف آغاز ہے۔‘

جولائی میں فیس بُک نے دعویٰ کیا تھا کہ دنیا بھر میں نصف سے زائد آن لائن صارفین نے ایک ماہ میں کم از کم ایک مرتبہ ویب سائٹ کا دورہ کیا ہے۔

اسی بارے میں