فیس بک پر نئے ایموٹیکان آ رہے ہیں

Image caption فیس بک پر عام طور پر ظاہر کیے جانے والے تبصروں اور رد عمل کا جائزہ لیے کے بعد اس کے نئے ایموٹیکان ڈیزائن کیے گئے تھے

’لائیک‘ بٹن تو پرانی بات ہو چکی ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ کئی قسم کے نئے ’ایموٹیکان‘ متعارف کروا رہا ہے جو جلد ہی دستیاب کیے جائیں گے۔

لیکن ’لائیک‘ بٹن کے شائقین فکر نہ کریں، یہ بٹن کہیں نہیں جا رہا۔

یہ نئے ایموٹیکان صارفین کو خوشی، پیار، صدمہ، اداسی، غصہ اور ہنسی جیسے جذبات کا اظہار کرنے دیں گے۔

ان نئے ایموٹیکانز تک رسائی کے لیے صارفین کو کرسر لائیک بٹن پر رکھنا پڑے گا جس کے بعد انھیں دیگر ایموٹیکان دکھائی دیں گے جنھیں وہ اپنی پوسٹ میں شامل کر سکیں گے۔

اس کے بعد صارفین کا فیس بک سٹیٹس انھیں بتائے گا کہ ان کی پوسٹ کے رد عمل میں انھیں لائیکس، پیار یا غصے جیسے جذبات ملیں گے۔

تین ہفتے قبل فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ کئی سالوں کے مطالبات کے بعد فیس بکآخر کارایک ’ڈس لائیک‘ بٹن پر کام کر رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اس سے تین ہفتے قبل فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ فیس بک ایک ’ڈس لائک‘ بٹن پر کام کر رہا ہے

لیکن اب لگتا ہے کہ وہ اس متبادل انتخاب کی بات کر رہے تھے۔

اس وقت مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ ایک دوسرے سے ہمدردی ظاہر کرنے کے قابل ہوں لیکن دیگر لوگوں کی پوسٹوں کی حوصلہ شکنی نہ کر سکیں۔

فیس بک کے چیف پروڈکٹ آفیسر کرس کاکس کہتے ہیں کہ نیا بٹن آئرلینڈ اور سپین میں آزمائشی طور پر نافذ کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا ’جیسے کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، یہ ’ڈس لائیک‘ بٹن نہیں ہے، لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ یہ نئے ایموٹیکان ڈس لائیک بٹن سے بہت زیادہ بہتر ہوں گے۔‘

کرس کاکس نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم نے فیس بک پر عام طور پر ظاہر کیے جانے والے تبصروں اور رد عمل کا جائزہ لیا اور پھر یہ ’خوش وضع اور مزیدار‘ ڈیزائن تخلیق کیا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتی ہے کہ یہ نیا فیچر سب کے لیے جلدی دستیاب ہو۔

اسی بارے میں