پراسیسڈ گوشت سے کینسر میں اضافے کا خطرہ: عالمی ادارۂ صحت

Image caption 21 فی صد آنتوں کے کینسر کی وجہ پراسیسڈ اور ریڈ میٹ ہیں

صحت کے عالمی ادارے ڈبلیو ایچ کے مطابق پراسیسڈ گوشت جیسے بیکون (نمک لگا کر خشک کیا جانے والا خنزیر کے گوشت)، ساسیج (بڑے جانوروں کے گوشت کا قیمہ) اور ہیم (ران کا پراسیسڈ گوشت) سے کینسر ضرور ہوتا ہے۔

اپنی رپورٹ میں ادارے نے کہا ہے کہ روزانہ 50 گرام پراسیسڈ گوشت یا دو سلائس سے کم بیکون کھانے سے کولوریکٹل یا آنتوں کے کینسر کا خطرہ 18 فی صد بڑھ جاتا ہے۔

دریں اثنا اس نے یہ بھی کہا ہے کہ بڑے جانوروں کے گوشت شاید کینسر کے موجب ہوتے ہیں جبکہ اس کے بہت محدود ثبوت ملے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈبلیو ایچ او نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان گوشت کے اپنے فوائد بھی ہیں۔

برطانیہ میں کینسر کے ادارے کینسر ریسرچ یوکے کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے بڑے گوشت اور پراسیسڈ گوشت کھانے میں کمی کی جانی چاہیے نہ کہ اسے بالکل ہی ترک کردیا جائے۔

Image caption ایک سٹیک میں دو سو گرام سے زیادہ گوشت ہوتا ہے

خیال رہے کہ گوشت کو زیادہ دنوں خراب ہونے سے بچانے کے لیے یہ پھر اس کے مزے میں تبدیلی کے لیے گوشت کو پراسیس کیا جاتا ہے اور اس کے طریقوں میں جوش دینا، دھواں دینا، سکھانا، نمک اور دوسرے تحفظ کے طریقے شامل ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ پراسیسنگ میں شامل کیمائی عمل سے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ زیادہ آنچ پر پکانا جیسے باربے کیو سے بھی کینسر پیدا کرنے کیمائی مادے پیدا ہو سکتے ہیں۔

برطانیہ میں 100 افراد میں کم از کم چھ افراد کو عمر کے کسی حصے میں آنت کا کینسر ہو جاتا ہے۔ اگر تمام لوگ اپنی غذا میں روزانہ 50 گرام مزید بیکون شامل کرلیں تو ان میں کینسر پیدا ہونے کا امکان 18 فی صد بڑھ جاتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption پراسیسڈ گوشت کو تیار کرنے کے سلسلے میں پیدا ہونے والے کیمائی عوامل بھی کینسر کا موجب ہو سکتے ہیں

بہر حال ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر کرٹ سٹریف نے کہا کہ ’پراسیسڈ گوشت کے استعمال سے کسی فرد میں آنت کے کینسر کا خطرہ اگر چہ کم ہے لیکن یہ خطرہ اس کی مقدار پر منحصر کرتا ہے۔‘

تخمینے بتاتے ہیں کہ پراسیسڈ گوشت میں کمی سے ہر سال کینسر سے مرنے والوں کی تعداد میں 34 ہزار تک کی کمی لائی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ ہرسال سگریٹ نوشی سے ہونے والے کینسر سے تقریبا 10 لاکھ اموات ہوتی ہیں جبکہ شراب نوشی سے تقریبا چھ لاکھ لوگ مرتے ہیں۔

اس کے برعکس بڑے جانور کے گوشت میں غذائیت بھی ہے اور یہ فولاد، زنک اور وٹامن بی 12 کا بڑا ذریعہ ہے۔

اسی بارے میں