جرزی سے آخری برفانی دور کے قدیم پتھر دریافت

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دنیا میں برف کا آخری دور ساڑھے 11 ہزار سال پہلے ختم ہوا تھا

ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے برطانوی علاقے میں پہلی بار گذشتہ برفانی دور کے ایسے متعدد پتھر دریافت کیے ہیں جن پر نقوش بنائے گئے ہیں۔

یہ قدیم پتھر رودبارِ انگلستان کے جزائر میں شامل جزیرے جرزی پر تحقیق کے دوران ملے ہیں۔

’گذشتہ برفانی دور کاربن ڈائی آکسائیڈ نے ختم کیا‘

ماہرین کے مطابق ان کے ابتدائی تجزیے سے پتہ چلا ہے کہ پتھروں پر بنائے گئے نقوش کم از کم 14 ہزار سال پرانے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ پتھر جزیرے پر ہزاروں برس پہلے ایک بڑی بستی کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

اگر یہ اندازے درست ثابت ہوئے تو یہاں بسنے والے افراد برف کے دور کے بعد شمال کی جانب اتنی دور رہنے والے پہلے انسانوں میں سے ہو سکتے ہیں۔

پتھروں پر بنائے گئے نقوش جرمنی اور فرانس میں اس دور کے آثارِ قدیمہ سے ملنے والے نقوش سے مماثلت رکھتے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ برطانیہ میں ایسے پتھر دریافت ہوئے ہیں۔

دنیا میں برف کا آخری دور ساڑھے 11 ہزار سال پہلے ختم ہوا تھا۔

خیال رہے کہ رواں برس ہی ایک تحقیق میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سمندر کی تہہ سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ نے گذشتہ برفانی دور کا خاتمہ کیا تھا۔

اسی بارے میں