’زِکا بخار اور بچوں میں پیدائشی نقص کے درمیان ربط‘

تصویر کے کاپی رائٹ Thinkstock
Image caption زِکا وائرس ایڈس ایجپٹی مچھر سے منتقل ہوتا ہے جو زرد بخار، ڈینگی، اور چکن گنیا وائرس کا سبب بھی بنتا ہے

برازیل کے محکمہ صحت نے ملک میں مچھروں کے کاٹنے سے ہونے والے زِکا بخار اور بچوں میں پیدائشی نقص کے بڑھتے واقعات کے درمیان ربط کی تصدیق کی ہے۔

زِکا بخار مچھر کے کاٹنے سے پیدا ہونے والے افریقی وائرس کے باعث ہوتا ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دوران حمل پہلے ماہ میں ہی رحمِ مادر میں مائیکرو اینسیفا لائیٹس، یعنی دماغ کی سوزش کی بیماری کے واقعات تیزی سے بڑھنے کی وجہ زِکا بخار ہے۔

اس بیماری کے باعث رحمِ مادر میں بچے کے سر کی صحیح نشوونما نہیں ہوتی۔

وزارت صحت کے حکام کی جانب سے زِکا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں ماؤں سے کہا گیا ہے کہ ان دنوں جبکہ ان کے علاقے میں وائرس پھیلا ہوا ہے ماں بننے کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کریں۔

وزارتِ صحت کی جانب سے اب تک اس بخار سے دو بالغ افراد کی اموات جبکہ اس بیماری کے 739 مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی ٹیم بھی اسی سلسلے میں آئندہ ہفتے برازیل پہنچ رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ملک کی 18 ریاستوں میں تیزی سے پھیلنے والے وائرس کی برازیل میں موجودگی کا سراغ رواں سال اپریل میں لگایا گیا تھا

برازیلی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی ریاست سِییرا میں ڈاکٹروں کو مائیکرو اینسیفا لائیٹس کا شکار نوزائیدہ بچے کے خون اور ٹشوز میں زِکا بخار کا وائرس ملا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہےکہ دنیا میں پہلی بار زِکا وائرس کے باعث بالغ افراد کی اموات سامنے آئی ہیں۔

زیادہ تر مریض برازیل کے شمال مشرقی حصے میں سامنے آئے ہیں تاہم جنوب مشرقی علاقوں مثلاً رِیو اور ساؤ پالو میں بھی ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

بالغ شخص کی اس بیماری میں ہلاکت کا پہلا تصدیق شدہ کیس پارا ریاست کے شہر بیلم میں سامنے آیا تھا جن کا لُوپس (قوت مدافعت ختم ہونے کی بیماری) کا علاج کیا جا رہا تھا۔

دوسرا کیس بھی پارا ریاست میں سامنے آیا تھا جہاں 16 سالہ لڑکی کو ڈینگی بخار کے شبے میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہو سکا کہ ان کی ہلاکت زِکا بخار سے ہوئی تھی۔

ملک کی 18 ریاستوں میں تیزی سے پھیلنے والے وائرس کی برازیل میں موجودگی کا سراغ رواں سال اپریل میں لگایا گیا تھا۔

زِکا وائرس ایڈس ایجپٹی مچھر سے منتقل ہوتا ہے۔ یہی مچھر زرد بخار، ڈینگی، اور چکن گنیا وائرس کا سبب بھی بنتا ہے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ زِکا وائرس برازیل کے عوام کی صحت کے لیے شدید خطرہ بن چکا ہے اور اس بیماری کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ایڈس ایجپٹی مچھروں کے خاتمے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔