مریخ پر کرسمس کارڈ کتنے میں جائے گا؟

Image caption ناسا کے مطابق 100 گرام تک وزن کے ایک خط کو مریخ تک اڑان بھرنے کے لیے تقریباً 12 ہزار پاؤنڈ یا 17 ہزار امریکی ڈالر کا خرچہ برداشت کرنا پڑے گا

برطانیہ میں رائل میل نے خلانورد بننے کے ایک شوقین بچے کو بتایا ہے کہ اسے مریخ پر کرسمس کارڈ بھیجنے کے لیے تقریباً 12 ہزار پاؤنڈ کا خرچ برداشت کرنا پڑے گا۔

مریخ پر کرسمس کارڈ بھیجنے کی خواہش رکھنے والے پانچ سالہ اولیور گِڈنگز تھے۔

انھوں نے برطانوی محکمۂ ڈاک سے یہ معلوم کیا تھا کہ اگر وہ سرخ سیارے پر کرسمس کا تہنیتی کارڈ بھیجنا چاہیں تو اس پر کیا خرچ آئے گا۔

رائل میل نے امریکی خلائی ادارے ناسا کی مدد سے اس خط کے وزن کے حساب سے زمین سے 57 کروڑ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مریخ تک اس کی ترسیل پر آنے والے اخراجات کا تخمینہ لگایا۔

رائل میل کے سینیئر کسٹمر ایڈوائزر اینڈریو سموٹ نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کو بتایا کہ ناسا کے مطابق 100 گرام تک وزن کے ایک خط کو مریخ تک اڑان بھرنے کے لیے تقریباً 12 ہزار پاؤنڈ یا 17 ہزار امریکی ڈالر کا خرچہ برداشت کرنا پڑے گا۔

لنکا شائر کے سینٹ این کے رہائشی پانچ سالہ اولیور نے اتنے اخراجات کا سن کر کہا کہ ’ارے! یہ تو بہت سارے پیسے ہیں! مریخ پر خط بھیجنا تو بہت مہنگا ہے۔ وہاں کے لیے تو پھر آپ کو بہت سارے ڈاک ٹکٹ بھی چاہیے ہوں گے۔‘

اسی بارے میں