سائبر حملے کے پیش نظر ہزاروں ویب سائٹیں آف لائن

تصویر کے کاپی رائٹ Thinkstock
Image caption ایک کاروباری شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ بہت غلط وقت پر ہوا ہے

ویب ہوسٹ کمپنی مون فروٹ نے سائبر حملے کے خدشے کے پیش نظر ہزاروں کاروباری اور انفرادی ویب سائٹوں کو آف لائن کر دیا ہے۔

مون فروٹ کمپنی لوگوں کو آسان طریقے سے ویب سائٹ بنانے کی سہولت مہیا کرتی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سائبر حملے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہزاروں ویب سائٹوں کو 12 گھنٹوں کے لیے آف لائن کر دیا جائے تاکہ انفراسٹرکچر میں تبدیلیاں کی جا سکیں۔

ایک کاروباری شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ بہت غلط وقت پر ہوا ہے۔

یاد رہے کہ مون فروٹ کمپنی نے دس دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ ان پر سائبر حملہ کیا گیا ہے۔

اس حملے میں کمپنی کے سرور پر ٹریفک بے انتہا بڑھا دی گئی تھی تاکہ اس کے صارفین استعمال نہ کر سکیں۔

اس حملے کے بعد کمپنی نے اپنے صارفین کو بتایا کہ ویب سائٹوں کو 12 گھنٹوں کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔

فلمساز ریس ڈی ویل نے کہا ’کمپنی نے یہ اطلاع دینے میں بہت تاخیر کی۔ بہت سارے لوگ آج میری ویب سائٹ تلاش کریں گے لیکن وہ ویب سائٹ نہیں ڈھونڈ پائیں گے۔‘

کمپنی نے ای میل میں اپنے صارفین سے ویب سائٹوں کی بندش پر بہت کم مہلت دینے پر معذرت کی ہے۔

اسی بارے میں