ایپل کمپنی الیکٹرک کار بنا رہی ہے: ٹسلا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹسلا کے مالک ایلون مسک کا کہنا ہے کہ یہ کوئی ڈھکی چھپ بات نہیں ہے کہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب سے معروف کمپنی ایپل بھی ان کے مقابلے میں الیکٹرک گاڑی بنا رہی ہے۔

یہ بات مسک نے لاس اینجلیس میں اپنے ڈیزائن سٹوڈیو میں بی بی سی سے خصوصی بات چیت کے دوران کی ہے۔

ایپل کی گاڑی کے حوالے سے دستاویزات افشا

الیکٹرک کار کی آواز بڑھائیں

دنیا کی بہترین الیکٹرک گاڑیوں کی دوڑ میں اگرچہ ٹسلا کا مقابلہ نسان اور بی ایم ڈبلیوسے ہے تاہم حالیہ عرصے میں اسے خسارے کا سامنا رہا ہے۔

ٹسلا کی مشکلات میں مزید اضافہ اس امر سے بھی ہوا ہے کہ حالیہ مہینوں میں ان کے کئی انجینیئرز کو حریف کمپینوں کی جانب سے ملازمت پر رکھ لیا گیا ہے جن میں چینی کمپنی فراڈے فیوچر اور ایپل شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے گاڑی بنانے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم انھوں نے حال ہی میں گاڑیوں سے متعلق کئی انٹرنیٹ ڈومین رجسٹر کروائے ہیں۔ ان ڈومینز میں apple.car اور apple.auto شامل ہیں۔

ایلون مسک کہتے ہیں کہ یہ تو ’ظاہر‘ ہے کہ کمپنی ایک شاندار گاڑی خود سے بنانے کی کوشش کرے گی۔

’کسی بات کو اس وقت چھپانا بہت مشکل ہوجاتا جب اس پر کام کرنے کے لیے آپ ہزار سے زائد انجینیئروں کو ملازمت دیں۔‘

تاہم وہ ایپل کمپنی کو وہ اپنے لیے خطرہ بھی نہیں سمجھتے ہیں بلکہ وہ کہتے ہیں ’اس سے یہ انڈسٹری اور پھیلے گی‘۔

’ٹسلا سب سےشاندار الیکٹرک گاڑیاں بناتی رہے گی اور یہی ہمارا ہدف ہوگا۔ لیکن اس کے ساتھ ہی ہم الیکٹرک گاڑیاں بنانے میں دوسری کمپنیوں کی مدد بھی کریں گے۔‘

اسی بارے میں