برازیل میں زکا وائرس سے چھوٹے سر والے بچوں کی پیدائش

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption برازیل سب سے بڑے پیمانے پر زِکا وائرس سے متاثر ہے

برازیل میں نئے اعداد وشمار کے مطابق زِکا وائرس سے متاثرہ ماؤں کے ہاں غیر معمولی چھوٹے سروں والے بچوں کی پیدائش میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

اکتوبر سے اب تک کوتاہ سری (غیر معمولی طور پر چھوٹے سر کا ہونا) کے تین ہزار 898 کیس سامنے آچکے ہیں۔ گذشتہ ہفتے کی رپورٹ میں ان کیسز میں 35 ہزار کا اضافے کے بعد حکام نے پہلی مرتبہ اس کا نوٹس لیا۔

زِکا نامی یہ وائرس ايڈيز جیپٹی مچھر (ايک مَچھَر جِس سے زَرد بُخار ہو جاتا ہے) کے کاٹنے سے جسم میں منتقل ہوتا ہے۔ اس مچھر کی وجہ سے ڈینگی بخار اور چکنگنیا (گرم ملکوں میں مچھر کے ذریعے پھیلنے والی ایک بیماری ) نامی بیماری بھی پھیلتی ہے۔

برازیل سب سے بڑے پیمانے پر زِکا وائرس سے متاثر ہے۔

وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں زِکا وائرس سے پہلے ہی پانچ بچوں کی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ جبکہ دیگر 44 کیسوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

گذشتہ ہفتے وزیرِ صحت مارسیلو کیسٹرو نے بتایا کہ تینوں میں سے کسی وائرس کی موجودگی کی شناخت کے لیے جانچ کی ایک نئی کِٹ بنائی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption برازیل کے علاوہ دیگر لاطینی امریکی ممالک میں زِکا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے

انھوں نے ’مختصر مدت کے دوران‘ زِکا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اضافی فنڈز کا بھی اعلان کیا۔

اس وقت زِکا وائرس سے نمٹنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ جہاں مچھروں کی نسلوں کی افزائش ہوتی ہے اُس ٹھہرے ہوئے پانی کو ہٹایا جائے۔

لاطینی امریکہ میں زکا وائرس

کئی دیگر لاطینی امریکی ممالک میں زِکا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

کولمبیا میں 13 ہزار پانچ سو سے زیادہ کیس سامنے آئے ہیں۔

کولمبیا کے وزیرِ صحت الیہنڈرو گویریا کے مطابق ’برازیل کے بعد (لاطینی امریکہ میں) ہمارا ملک دوسرے نمبر پر ہے جہاں زِکا وائرس کے سب سے زیادہ کیس سامنے آئے ہیں۔‘

بولیویا میں حکام نے زِکا وائرس سے متاثرہ حاملہ خاتون کا پہلا کیس رپورٹ کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption زِکا وائرس ايڈيز جیپٹی مچھر (ايک مَچھَر جِس سے زَرد بُخار ہو جاتا ہے) کے کاٹنے سے جسم میں منتقل ہوتا ہے

سانتا کروز کے مشرقی شعبے کی ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جواکین مانیسٹیریو نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ’اُن خاتون نے ملک سے باہر سفر نہیں کیا۔ یہ ملک کے اندر ہی پیدا ہونے والا کیس ہے۔‘

بیماریوں کی روک تھام اور اُن کے کنٹرول کے امریکی مراکز نہ گذشتہ جمعے حاملہ خاتون کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ سب سے زیادہ زِکا وائرس سے متاثرہ برازیل اور دیگر لاطینی اور غرب الہند کے ممالک کے سفر سے گریز کریں۔

یہ سفری پابندیاں برازیل، کولمبیا، السلواڈور، فرانسیسی گیانا، گوئٹے مالا، ہیٹی، ہونڈوراس، مارٹنیک، میکسیکو، پناما، پیراگوئے، سورینام، وینزویلا اور پورٹو ریکو کے سفر پر لاگو ہوتی ہیں۔

اسی بارے میں